جتنا رونا

فردوس باجی جتنا رونا ہے روئیں،دھمکیاں دیں ،عوام دشمن بجٹ منظور نہیں ہونے دینگے ،رانا ثنا اللہ

لاہور (صباح نیوز)مسلم لیگ(ن)پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ فردوس باجی جتنا رونا ہے روئیں ، جتنی دھمکیاں دینی ہیں دیں ، جو کرنا ہے کریں، عوام دشمن بجٹ منظور نہیں ہونے دیں گے۔معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کی اپوزیشن پر تنقید کے جواب میں رانا ثنااللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ فردوس باجی کرپشن کرپشن اور کرپشن کی گردان اور پچھلے دس ماہ میں سارا حکومتی ریکارڈ ہونے کے باوجود کسی منصوبے میں ایک روپے کی کرپشن کا الزام نہ لگا سکے،فردوس باجی پچھلی دفعہ وزرات سے فارغ ہوئیں تو سرکاری کراکری بھی ساتھ لے گئیں تھیں، اس بار ان کو دی گئی کراکری کی ضمانت لی جائے بلکہ ایڈونس سکیورٹی رکھوا لی جائے۔

انہوں نے کہا کہ فردوس باجی نے وزیر کی کرسی پر بیٹھ کہ سرکاری بسوں اور دوائیوں میں کرپشن کی اور اب پھر وزیرکی کرسی کو انکوائری کے خلاف ڈھال بنایا ہوا ہے، فردوس باجی ساری اپوزیشن کو ایک ہی دفعہ جیل میں ڈال دیں، جتنا رونا ہے روئیں ، جتنی دھمکیاں دینی ہیں دیں، جو کرنا ہے کریں لیکن عوام دشمن بجٹ منظور نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر ایک پاگل آدمی کو مسلط کر کے نالائقی، نااہلی اور جھوٹ پر ڈھال بنایا ہوا ہے، ایسے لوگوں کو وزارتوں کی بجائے اصلاحی سینٹرز میں بھیجا جاتا ہے تا کہ معاشرے کے لئے خطرہ نہ بنیں، فردوس باجی وزیراعظم کی شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کے ساتھ تصویر دیکھنے کے بعد میرا مشورہ ہے کہ عمران صاحب کی دوائیاں تبدیل کریں۔