شفیق باپ

اولاد کےلئے والد کی حیثیت ایک سائبان کی طرح ہوتی ہے‘ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار

لاہور( این این آئی )وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ شفیق باپ سایہ دار شجر کی مانند ہےجس کا کوئی نعم البدل نہیں،والد گرامی کے انتقال کے بعد ان کی کمی زندگی کے ہر موڑ پر محسوس ہوتی ہے،اپنے شفیق باپ کے ساتھ گزرے لمحات کبھی فراموش نہیں کرسکتا۔ والد سے محبت کے اظہار کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدارنے کہا کہ آج جس مقام پر ہوں اس میں میرے والد مرحوم کی محنت اور دعائیں شامل ہیں۔وزارت اعلی کا عہدہ والد مرحوم کی دعاﺅں کا مرہون منت سمجھتا ہوں۔

اپنے عظیم والد مرحوم کو زندگی کے کسی بھی لمحے بھول نہیں سکتا۔ انہوںنے کہا کہ اولاد کے لئے والد کی حیثیت ایک سائبان کی طرح ہوتی ہے۔د نیا اورآخرت کی کامیابیاں والد محترم کی عزت و احترام سے مشروط ہیں۔اسلام میں ہر حال میں والد کا عزت و احترام مقدم رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ باپ کا رشتہ ہر غرض،بناوٹ اور دنیاوی تقاضوں سے پاک ہوتاہے۔یہ دن والد سے پیار، محبت اور شفقت کی تجدید کا دن ہے۔انتھک محنت اور خلوص سے اولاد کی شخصیت کی تعمیر والد کے رشتے کا خوبصورت پہلو ہے۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہہمیں معاشرے میں والد کو اعلی مقام دینے کے عزم کی یاددہانی کاموقع دیتا ہے۔