ضیافتیں

پی پی ، (ن) میں قربت اور ضیافتیں حکومت پردباﺅ بڑھانے کا ناکام حربہ ہے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ میں قربت اور ضیافتیں حکومت پردباﺅ بڑھانے کا ناکام حربہ ہے ،ملک کے خزانے پر ہاتھ صاف والوں کی جانب سے عوام کے حقوق کےلئے تحریک چلانے کی باتیں انتہائی مضحکہ خیز ہیں ،تخفیف غربت اور احساس پروگرام کے ذریعے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کو قومی دھارے میں شامل کیا جائے گا جس سے ہماری مجموعی گروتھ میں اضافہ ہوگا ۔ اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ کئی دہائیوں سے محرومیوں کا شکار عوام مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے طرز سیاست سے متنفر ہو چکے ہیں اور کرپشن کے الزامات پر دونوں جماعتوں کی قیادت کی گرفتاریوں کے بعد کوئی رد عمل سامنے نہ آنا اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔

پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کا اب کوئی سیاسی مستقبل نہیں اور اگر دونوں خاندانوں کی دوسری نسل بھی اسی سیاسی میراث کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتی ہے تو یہ ان کی اپنی مرضی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی پی اور (ن) لیگ کی قربت او رضیافتیں حکومت کےلئے ہرگز پریشانی کا باعث نہیں بلکہ اس سے اپوزیشن کی پریشانی عیاں ہے کیونکہ پوری قوم کودونوں جماعتوں کی قیادت کے ماضی قریب کے بیانات اچھی طرح یاد ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ نے ہمیشہ دو رخی سیاست کی ہے جس میں سیاسی مخالفت کی آڑ میں ہمیشہ ایک دوسرے کی کرپشن پر پردہ ڈالا گیا ہے ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا واضح موقف ہے کہ کرپشن کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور ملک و قوم کی لوٹی ہوئی پائی پائی واپس لی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت غربت کے خاتمے کےلئے چین سمیت دوسرے کامیاب ممالک کے ماڈل کو سٹڈی کر رہی ہے ۔ تخفیف غربت اور احساس پروگرام کے ذریعے غربت کی لکیر سے نیچے زندگی زندگی بسر کرنے والوں کی زندگیوں میں خوشحالی اور آسودگی لانا اولین ترجیح ہے جس سے ہماری مجموعی گروتھ میں بھی اضافہ ہوگا۔