پاکستان مدینہ

پاکستان مدینہ کے انصار کی تقلید میں اپنے مالی مسائل کے باوجود افغان مہاجرین کی مدد کررہا ہے، شہر یار آفریدی

اسلام آباد (این این آئی)وزیر سیفران و انسداد منشیات شہریارخان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان مدینہ کے انصار کی تقلید میں اپنے مالی مسائل کے باوجود افغان مہاجرین کی مدد کررہا ہے، پاکستان اور ایران گہرے تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں جڑے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کا گذشتہ دورہ ایران دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید تقویت دینے کا باعث بنا ہے۔ وہ اتوار کو ایران کے نائب وزیر داخلہ حسین ذوالفقاری کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کررہے تھے اس موقع پر سیکرٹری سیفران محمد اسلم اور چیف کمشنر افغان مہاجرین سلیم خان بھی موجود تھے۔ شہریارآفریدی نے کہا کہ پاکستان مدینہ کے انصار کی تقلید میں اپنے مالی مسائل کے باوجود افغان مہاجرین کی مدد کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس نے مہاجرین کو کیمپوں میں رکھنے کی بجائے انہیں عام پاکستانی کے برابر مواقع فراہم کئے اور انہیں معاشرے میں شامل کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن مسلم ممالک کے درمیان غلط فہمیوں کا خاتمہ کرکے انہیں ملت واحد بنانا ہے اور مسلم ممالک کے درمیان غلط فہمیوں کے تدارک کیلئے عمران خان کام کرتے رہیں گے۔ شہریارآفریدی نے کہا کہ دنیا تارکین وطن کے خلاف قانون سازی کررہی ہے تو وزیراعظم عمران خان نے چودہ لاکھ افغان مہاجرین کو بنک اکاو¿نٹس کھولنے کی سہولت دیکر انہیں پاکستانی شہریوں کے برابر قانونی حقوق دئیے ہیں جس کی مثال ملنا مشکل ہے۔ ایرانی وزیر داخلہ حسین ذوالفقاری نے کہا کہ کوئی تیسرا فریق یا ملک پاکستان اور ایران کے درمیان غلط فہمیاں پیدا نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا حالیہ دورہ ایران بہت کامیاب رہا اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو ایک نئی جہت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور پاکستان یکساں تاریخ، مذہب اور برادرانہ رشتوں میں بندھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک تیس سال سے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کررہے ہیں اور آج بھی تیس لاکھ سے زائد افغان مہاجرین کو تمام سہولیات مہیا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ ایران سے تعلقات میں مثبت تبدیلی آئی ہے اور ہم پاکستان کے ساتھ مل کر امہ کو یکجا کرنے کیلئے تیار ہیں۔