لاہور( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ نام نہاد خادم اعلیٰ نے سڑکوں او رپلوں کو ترقی کا نام دے کرانسانی ترقی کو نظر انداز کیا ،حکومت ترقی کےلئے نئی راہیں تلاش کرنے کے ساتھ ماضی کے غلط فیصلوں کے اثرات کو زائل کرنے کیلئے بھی کوشاں ہے ،مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سیاسی یتیم ہیں حکومت ان کی گیدڑ بھبھکیوں سے خوفزدہ نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ این اے 127کے مرکزی دفتر میں کارکنوں اور اہل علاقہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
اس موقع پر حلقے سے تعلق رکھنے والے پارٹی رہنما بھی موجود تھے ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ سابقہ ادوار میں خزانے پر غیر ضروری قرضوں اور مہنگے منصوبوں کا سایہ تھا، پورے پنجاب کا بجٹ صرف چند شہروں پر خرچ کرنے کی روایت ڈالی گئی جس سے دور دراز اور پسماندہ اضلاع میں رہنے والوں کی محرومیوں میں اضافہ ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی حریف بھی اعتراف کرتے ہیں کہ موجودہ حکومت کے دور میں حکومت کی سطح پر کرپشن کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا بلکہ کرپشن کی ٹرین کو روکنے کےلئے زنجیر کھینچ دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور (ن) لیگ کی سیاست کا محور اپنی کرپشن کو بچانا ہے اور دونوں کا اکٹھ اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔ مسلم لیگ(ن) میں قیادت کا بحران ہے جبکہ پیپلز پارٹی کی سیاست بھی آخری سانسوں پر ہے ۔ عوام دونوں کی سیاست سے لا تعلق ہو چکے ہیں اور آئندہ عام انتخابات میں ان کی سیاست کو سمندرد برد کر دیں گے۔اس موقع پر کارکنوں نے وزیر اعظم عمران خان اور جمشید اقبال چیمہ کے حق میں نعرے بھی لگائے ۔