عثمان بزدار

حکومت جنوبی پنجاب کےعوام سے کئے گئے وعدے پورے کرے گی، عثمان بزدار

لاہور(صباح نیوز) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ماضی میں جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ کی گئی زیادتیوں کے ازالے کا وقت آ گیا ، حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کر ے گی۔

لاہور سے جاری کیے گئے بیان میں انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے ساتھ سابق دور میں ہر سطح پر زیادتیاں روا رکھی گئیں، صوبے میں وسائل کی منصفانہ تقسیم پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ کا 35فیصد جنوبی پنجاب کے لیے مختص کیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے لیے رقوم کسی اور مقصد کے لے استعمال نہیں کی جا سکیں گی، جبکہ مختص فنڈز کسی دوسرے منصوبے کو ٹرانسفر نہیں ہو سکیں گے،عثمان بزدار نے یہ بھی کہا کہ حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کر ے گی، وہاں پائیدار ترقی کا سفر مکمل کیا جائے گا۔