لاہور( این این آئی)تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن عدالتوں کی بجائے این آر او کے ذریعے راستہ تلاش کر رہی ہے ،جنہوں نے احتجاج کرنا ہے جلدی جلدی اسلام آبادپہنچیں وہاں کا موسم بڑھا اچھا ہے ۔
وزیر اعظم عمران خان کے مقدمے میں سیشن عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہا کہ ملک معاشی طور پر مستحکم ہو گیااورسیاسی استحکام کی جانب بڑھ رہا ہے،وزیراعظم عمرا ن خان ملک کو مشکلات سے باہر نکالنے کیلئے دن رات کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے 36اور29سال حکومتیں کیں ،دونوں جماعتیں اس دورا ن جو نہیں کر سکیں اب اس کے خلاف احتجاج کریں گی ۔انہوں نے کہاکہ ان کے پاس کوئی جواب نہیں شہباز شریف سے پوچھا جائے تو کہتے ہیں نیب کو جواب نہیں دوں گا ، اب مشتاق چینی کا جواب آ گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کروڑوں روپے کے جیٹ طیاروں ، کروزرز اور اربوں روپے کے محلات جو کرپشن سے بنے ہیں ان میں موجود غیرملکی فرنیچر پر بیٹھ کر معاملات طے ہو رہے ہیں، ظہرانے میں وہ ڈشز کھائی گئیں جو غریب نے کبھی خواب میں بھی نہیں دیکھی ہوں گی لیکن باہر آکر مزدور اور غریب کی بات کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں احتجاج کا حامی ہوں کیونکہ آئین اس کی اجازت دیتا ہے لیکن احتجاج قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کیا جائے ۔جنہوں نے احتجاج کرنا ہے وہ جلدی آ جائیں اسلام آباد میں بڑا اچھا موسم ہے۔