مانچسٹر(صباح نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے وہاب ریاض، امام الحق اور عماد وسیم پر گروپنگ کا الزام لگا دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اولڈ ٹریفرڈ کے میدان پر بھارت کے خلاف میچ کے دوران جب سرفراز آﺅٹ ہوکر پویلین لوٹے تو غصے سے بولے کہ ٹیم میں گروپنگ چل رہی ہے۔
میچ ختم ہونے سے پہلے ہی کپتان کھلاڑیوں پر چڑھ دوڑے اور کہا کہ مجھے سب پتہ ہے کون کون گروپنگ کررہا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ میچ کے بعد کوچ اور کپتان نے کھلاڑیوں کی کلاس لی جبکہ سرفراز نے وہاب ریاض، امام الحق اور عماد وسیم پر گروپنگ کا الزام لگادیا۔
اس موقع پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے کہا کہ جو ہونا تھا ہوگیا ، اب آگے دیکھو اگلے چاروں میچز جیتو تاکہ سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہو۔دوسری جانب ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ شکت کے بعد قومی ٹیم میں کوچ اور کپتان کے خلاف تنازعات بھی سامنے آنے لگے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کوچ کا تھا جبکہ شعیب ملک اور شاداب خان کو کھیلنے پر بھی وہ اصرار کرتے رہے۔ذرائع نے بتایا کہ فخر زمان کو سست رفتار میں کھیلنے کا مشورہ بھی کوچ نے دیا تھا اور کئی معاملات پر کپتان اور کوچ ایک صفحے پر نہیں تھے۔