پاکستان بھارت

بھارت نے پاکستان سے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کردی

اسلام آباد (صباح نیوز) بھارت نےقیام امن کے لیے پاکستان کی پیش کش کا مثبت جواب دیتے ہوئے پر مذاکرات آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ہم منصبوں کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی تھی جس کے جواب میں بھارت کی جانب سے باقاعدہ اور با ضابطہ سفارتی چینلز کے ذریعے پاکستان کو دو خطوط موصول ہوئے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے کشمیر اور دہشت گردی سمیت تمام مسائل پر مذاکرات کی پیش کش کی تھی جس کے جواب میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر خارجہ جے شنکر نے اپنے اپنے جوابی خطوط میں پاکستان کی قیام امن کیلئے مذاکرات کی پیشکش پر مثبت جواب دیا۔

ذرائع کے مطابق بھارتی خطوط میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جامع اور ازسرنو مذاکرات کی بات کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ بھارت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ تعلقات کا خواہاں ہے اور خطے میں امن اور ترقی چاہتا ہے۔

خط کے متن کے مطابق بھارت نے ہمیشہ عوام کی ترقی اور امن کو ترجیح دی ہے اور پاکستان کی طرف سے بھی اس جذبے کو سراہا گیا ہے۔خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت پاکستان سمیت تمام ممالک سے جامع مذاکرات کے لیے تیار ہے ، مذاکرات میں دہشت گردی کے معاملے پرخصوصی توجہ ہونی چاہیے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھارتی ہم منصبوں کے خطوط کا جلد جواب دیں گے۔