اسلام آباد ۔ (اے پی پی) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قوم سے وعدہ کیا تھا کہ ریلوے کو بہتر بناؤں گا‘ دس ماہ میں 34 نئی ٹرینیں چلائی ہیں‘ ریلوے کے مسافروں میں 60 لاکھ کا اضافہ ہوا ہے‘ ریلوے کی آمدن میں اضافہ نہ کر سکا تو ریلوے میں مزید نہیں رہوں گا‘ وزیراعظم تین جولائی کو سرسید ٹرین کا افتتاح کریں گے‘ 14 سال قبل بطور وزیر ریلوے ایم ایل ون کے معاہدے پر دستخط کئے‘ مسلم لیگ (ن) میں دو لیگیں موجود ہیں‘ وزیراعظم عمران خان سے کہا تھا کہ انہیں لندن جانے دیں ۔
پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ لوگ جن کے پیٹ میں درد ہے کہ ریلوے کیوں چل رہا ہے‘ قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ قوم سے جو وعدہ کیا تھا اب تک 34 نئی ٹرینیں چلائی ہیں جبکہ ریلوے کے 60 لاکھ مسافر بڑھے ہیں۔ میں نے قوم سے 40 ٹرینیں چلانے کا وعدہ کیا ہے۔ اب تک 34 چلا دی ہیں جبکہ باقی چھ ٹرینیں 24 اگست تک ایک سال پورا ہونے تک چلا دوں گا۔ اگر ریلوے کی ماضی کی آمدن میں اضافہ نہ کر سکا تو ریلوے میں میرا رہنے کا حق نہیں ہے۔ وزیراعظم عمران خان تین جولائی کو سرسید ٹرین کا افتتاح کریں گے۔ سرسید ٹرین میں سرگودھا کار کو میانوالی جبکہ پشاور سے درگئی چلانے جارہے ہیں۔ ریلوے کو ٹریکر کارڈ اور وائی فائی مفت دیا ہے۔ اب ریلوے ٹریک وائی فائی پر آگیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ریلوے میں آٹھ ارب سے 32 ارب روپے ماضی میں لئے گئے۔ اس حوالے سے نیب کو مقدمہ بھیجا ہے جس میں سے ایک شخص پکڑا گیا ہے جبکہ باقی بھاگ گئے ہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ 14 سال پہلے ایم ایل ون معاہدہ پر بطور وزیر معاہدے پر دستخط کئے۔ اب 14 سال بعد پی سی ون داخل کردیا گیا ہے جو رواں ماہ منظور ہو جائے گا۔ نواب شاہ روہڑی کا ٹریک خراب ہے۔ یہ لوگ طعنے دے رہے ہیں ان کو اصل مسئلہ ہے کہ ریلوے کیسے چل رہا ہے۔ 35 فیصد ریٹائرڈ ملازمین کو دوبارہ نوکری دی جارہی ہے تاکہ ڈرائیور پر بوجھ کم ہو۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے تیل کی مد میں 3.87 ارب کا ریلوے پر بوجھ بڑھا ہے اس سے پہلے 20 دن کا اضافی تیل رکھا جاتا تھا اب اسے کم کرکے آٹھ دن کردیا گیا ہے۔ 30 جون کو رواں مالی سال کا بجٹ ختم ہوگا۔ آئندہ مالی سال ریلوے کی فنانشل رپورٹ عوام کے سامنے پیش کروں گا۔ ریلوے نے 34نئی ٹرینیں اور 17 لاکھ لیٹر تیل کی بچت کی۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ چوروں کو پکڑیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ 24 اگست کو میری وزارت کا ایک سال پورا ہوگا چاروں صوبوں میں میڈیا کے سامنے اپنی سالانہ کارکردگی اور فنانشل رپورٹ پیش کروں گا۔ ریلوے گارڈ کو ترقی دی ہے۔ شیخ رشید نے کہا کہ ایم ایل ون کے ساتھ سات مقامات پر ریلوے ملازمین کے لئے رہائشیں تعمیر کی جائیں گی۔ ریلوے میں نئی نوکریاں نکالی ہیں جبکہ ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے ملازمین کو مستقل کیا جائے گا۔ اس حوالے سے چیئرمین ‘ سی ای او ریلوے اور اے جی ایمز پر مشتمل کمیٹی بنائی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ قطر کے امیر کا دورہ پاکستان کامیاب رہا۔ ان کے دورہ سے پاکستان میں سرمایہ کاری آئے گی۔
اس حوالے سے مشیر خزانہ جلد پریس کانفرنس کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے صدر جلد پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ اس حوالے سے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم کی صدارت میں اہم اجلاس ہے۔ ہم افغانستان میں بھی ریل گاڑی چلانے کے حوالے سے پشاور سے جلال آباد اور چمن سے قندھار کے لئے ریلوے ٹریک بچھانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ میں باضمیر سیاستدان ہوں۔ میں وزیراعظم کے ساتھ ہوں۔ جوش و جذبہ کے ساتھ وزیراعظم اور میں خود کام کر رہا ہوں۔ آل پارٹی کانفرنس کے حوالے سے کہا کہ خورشید شاہ سے بات ہوئی ہے ، مولانا فضل الرحمان کو سمجھائیں گے کہ ایک دن کے لئے اسلام آباد آئیں اور واپس چلے جائیں۔ اپوزیشن کے لئے 126 دن کا دھرنا مشکل ہے اس وقت مسلم لیگ (ن) میں دو لیگیں کام کر رہی ہیں ایک شہباز شریف اور دوسری نواز شریف لیگ ، میں نے وزیراعظم عمران خان سے کہا تھا کہ ان کو جانے دیں اور ان سے جان چھڑائیں۔