لاہور(لاہور نامہ)وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے بارش کے پیش نظر صوبائی انتظامیہ اور امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا حکم دیدیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے اورنکاسی آب کیلئے متحرک انداز میں کام کیا جائے۔ عثمان بزدارنے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انتظامیہ اور متعلقہ ادارے بہترین کوآرڈی نیشن کے تحت فرائض سرانجام دیں۔انہوںنے کہا کہ ارٹریفک کی روانی میں خلل نہیں پڑنا چاہیے ،ٹریفک حکام اس ضمن میں خود فیلڈ میں موجود رہیں اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے موثر اقدامات اٹھائیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہونا چاہیے ،نکاسی آب کے کاموں میں قطعاًغفلت برداشت نہیں کی جائے گی،افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے خود فیلڈ میں نکلیں اور نکاسی آب کے کام کی نگرانی کریں۔
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے رات گئے بغیر پروٹوکول شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ۔وزیراعلی پنجاب نے خود گاڑی چلائی اور گلبرگ، منی مارکیٹ، لبرٹی چوک، برکت مارکیٹ، جیل روڈ سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔وزیراعلی نے شہر میں صفائی کے انتظامات، سٹریٹ لائٹس اور ٹریفک نظام کا جائزہ لیا۔وزیراعلی نے سروسز ہسپتال کے باہر مریضوں کے لواحقین سے علاج معالجہ اور مسائل کے بارے میں پوچھا۔وزیراعلی نے مریضوں کے لواحقین کو مسائل کے جلد از جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔رات گئے وزیراعلی عثمان بزدار کی آمد پر مریضوں کے لواحقین کا خوشگوار حیرت کا اظہار کیا۔وزیراعلی کے دورے سے انتظامیہ لاعلم رہی۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کے مسائل کا خود جائزہ لے کر ان کے حل کیلئے اقدامات کرتا ہوں،عوام ہی میرا اثاثہ ہیں۔