لاہور/کوئٹہ/آزاد کشمیر/مری (لاہور نامہ) ملک کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا،بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں طوفانی بارشوں نے کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ،سروتی حفاظتی بند میں شگاف پڑنے سے ہرنائی شہرسمیت درجنوں گاﺅں سیلاب کی زد میں آگئے ہیںاور سیلابی پانی دوکانوں اورگھروں میں داخل ہوگیا ہے، بارشوں کیو جہ سے ترسیلی نظام متاثر ہونے سے کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں بارشوں سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے ۔ گزشتہ روز لاہور میں بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جبکہ بجلی کا ترسیلی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا ۔
شاہراہوں پر پانی کھڑا ہونے سے ٹریفک سست روی کا شکار رہی ۔رپورٹ کے مطابق شدیدبارش کی وجہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے درجنوں فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں گھنٹوں بجلی بند رہی ۔فیصل آباد میں تیز ہواﺅں کے ساتھ بارش سے گرمی کی شدت کم ہونے کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ،بورے والا، لودھراں میں بھی موسلا دھار بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں آندھی کے ساتھ برسات ہونے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ،اوکاڑہ اور قصور میں بھی شدید بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ۔آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی باران رحمت برسنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ملکہ کوہسار مری میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم سرد ہوگیا ۔ملتان میں صبح سویرے ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق شمالی وزیرستان اور دیر میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ۔دوسری جانب کراچی میں بھی مون سون بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے لیکن شہر کے برساتی نالوں کی صفائی نہ ہوسکی۔ گجر نالے سمیت بڑے نالے ہزاروں ٹن کچرے سے بھرے پڑے ہیں، بارش کی صورت میں اطراف کے علاقے ڈوبنے کا خدشہ ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی ہے۔تفصیلات کے مطابق ہرنائی اورگردونواح میں بدھ سے شروع ہونے والا بارشوں کاسلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے،ندی نالوں میں طغیانی سے سروتی حفاظتی بند میں شگاف پڑگیا ہے۔شگاف پڑنے کے باعث ہرنائی شہرسمیت درجنوں گاﺅں سیلاب کی زد میں آگئے ہیں،اور سیلابی پانی دوکانوں اورگھروں میں داخل ہوگیا ہے، جس کے باعث درجنوں مکانات منہدم ہوگئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق متاثرہ علاقوں میں لیویز،ایف سی اور پولیس امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے تاہم کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔