اسلام آباد(آئی این پی ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہا این آر او کے لیے کسی نے براہ راست مجھ سے رابطہ نہیں کیا، اپوزیشن اے پی سی کرے یا تحریک چلائے کسی کو کوئی این آر او نہیں ملے گا، اپوزیشن احتجاج کا شوق پورا کرے کوئی پرواہ نہیں، ہمیں کارکردگی سے جواب دینا ہے،معاشی سمت کا تعین کر دیا ہے، بحران سے نکل رہے ہیں، اراکین پارلیمنٹ بھی ٹیکس دینے کے لیے عوام میں آگاہی مہم چلائیں، سب کو معلوم ہے میں کرپشن کیسز پر سمجھوتہ نہیں کرونگا۔ منگل کواسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ بھی ٹیکس دینے کے لیے عوام میں آگاہی مہم چلائیں، اپوزیشن احتجاج کا شوق پورا کرے کوئی پرواہ نہیں، ہمیں کارکردگی سے جواب دینا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ عوام کو معاشی بحران کے ذمہ داروں سے آگاہ کریں، بجٹ منظوری قانونی تقاضہ ہے، تمام اراکین اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے این آر او کے لیے براہ راست اپروچ نہیں کیا گیا، سب کو معلوم ہے میں کرپشن کیسز پر سمجھوتہ نہیں کروں گا، اپوزیشن اے پی سی کرے یا تحریک چلائے، این آر او نہیں ملے گا۔اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ قبائلی علاقوں اور بلوچستان کے لیے ترقیاتی فنڈ میں اضافہ کیا ہے جب کہ پاک فوج نے فاٹا اور بلوچستان کے لیے اپنی تنخواہوں کا اضافہ نہیں لیا۔