گیس کی قیمتوں میں

گیس کی قیمتوں میں 200فیصد تک اضافے کا مجوزہ فیصلہ قابل تشویش ہے ‘ آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور( این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران نے گیس کی قیمتوں میں 200فیصد تک اضافے کے مجوزہ فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ہر طبقے میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ، حکومت آئی ایم ایف کی کڑی شرائط شرائط کو پورا کرنے کے لئے عوام پر آئے روز بجلی اور گیس کے بم گرا رہی ہے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حالیہ دس ماہ میں عوام سمیت ہر طبقے پر اس قدر بوجھ ڈال دیا گیا ہے کہ ان کےلئے زندگی گزارنا محال ہو گیا ہے ۔ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کے ہر شعبے پر اثرات ہوتے ہیں ،پیداواری لاگت بڑھنے سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا جبکہ عوام پہلے ہی قوت خرید نہ ہونے کی وجہ سے دو وقت کی بجائے ایک وقت کی روٹی کھانے پر مجبور ہیں۔ انہوںنے کہا کہ حکومت اس فیصلے پر نظر ثانی کرے اور اسے فی الفور واپس لیا جائے ۔ حکومت کی جانب سے اضافے کی صورت میں مہنگائی کا نہ رکنے والا طوفان آئے گا جس کے انتہائی منفی اثرات مرتب ہوں گے۔