فردوس عاشق اعوان

اے پی سی کاٹھ کی ہنڈیا ہے، بیچ چوراہے پھوٹے گی، فردوس عاشق اعوان کا ٹویٹ

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اے پی سی کی شاہکار فلم سکرین پر آنے سے پہلے ہی اتر گئی۔ مفادات کی قیدی قیادت ہر مرتبہ مولانا کو بلا کر ان کی کرسی کھینچ لیتی ہے۔

اے پی سی کاٹھ کی ہنڈیا ہے، بیچ چوراہے پھوٹے گی، مولانا صاحب سے دلی ہمدردی ہے کیونکہ اپوزیشن کے ناتواں کندھے ان کی سیاسی محرومی کا بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں۔

بدھ کو اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس کے حوالے سے اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں، اپوزیشن کو اپوزیشن سے خطرہ ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اے پی سی کاٹھ کی ہنڈیا ہے، بیچ چوراہے پھوٹے گی۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے اس منصوبے کا نتیجہ وہی نکلے گا جو ان کے الیکشن ایڈونچر کا نکلا تھا۔ اے پی سی کی ناکامی کے بعد مولانا صاحب آئندہ چار سال کے لیے خود کو صرف دین کی خدمت کے لیے وقف کر دیں۔