اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم کے معاو ن خصوصی عثمان ڈار نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر پوری توجہ ہے۔ بدھ کو جاری بیان کے مطابق پرتگال میں ہونے والی عالمی کانفرنس میں پاکستان کی جانب سے وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے ورلڈ یوتھ منسٹرز کانفرنس میں شرکت کی ۔نوجوانوں کے لئے موجودہ حکومتی ایجنڈا اور حالیہ اقدامات دنیا کے سامنے رکھ دئیے گئے ۔عثمان ڈار نے عالمی شرکاءکے سامنے پر اعتماد انداز میں خطاب کیا پرتگال کے صدر مارکیلو ڈی سوزا داد دئیے بغیر نہ رہ سکے،پرتگال کے صدر مارکیلو ڈی سوزا نے عثمان ڈار سے ملاقات کی جس میں نوجوانوں کے لئے اٹھائے گئے حالیہ اقدامات پر مبارکباد دی۔پرتگال کے صدر نے نوجوانوں کی ترقی میں مشترکہ کوششوں کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے ساتھ نوجوانوں کی فلاح و بہبود کےلئے کام کرنے کو تیار ہیں۔
عثمان ڈار نے کہاکہ پاکستان نوجوانوں کے لئے تیزی سے اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کر رہا ہے۔عثمان ڈارنے کہاکہ موجودہ حکومت نے پہلی مرتبہ نوجوانوں کے لئے اسٹریٹیجک روڈ میپ تشکیل دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کامیاب جوان پروگرام موجودہ حکومت کا لینڈ مارک منصوبہ ہے۔عثمان ڈار نے کہاکہ نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم نوجوانوں کی تعمیر و ترقی میں مدد گار ثابت ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ نوجوانوں کے سماجی تحفظ،صحت، روزگار اور اصلاحاتی پروگرام سمیت اکنامک ایمپاورمنٹ, پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں 68 فیصد نوجوان ملکی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر پوری توجہ ہے۔