جانچ پڑتال

خان صاحب اپنی حکومت کی بھی جانچ پڑتال کریں‘ رانا مبشر اقبال

لاہور(لاہور نامہ )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ایم این اے رانا مبشر اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے گیس کی قیمتوں میں 200 فیصد اضافے کا اعلان کر کے عوام کے اوسان خطا کردیے ہیں ، ایک بجٹ ابھی پاس نہیں ہوا کہ حکومت نے ضمنی بجٹ دے دیاہے ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ نواز کے ایم این اے رانا مبشر اقبال نے خیابان امین میں کارکنوں سے ملاقات کے دوران کیا ۔انہوںنے کہا کہ حکومت بے حسی اور غریب دشمنی میں ساری حدیں پھلانگ چکی ہے ابھی پہلے بجٹ پر ایوانوں میں بحث ہورہی ہے کہ حکومت دوسرا بجٹ سامنے لے آئی ہے ۔ گیس ، بجلی اور تیل کی قیمتوں میں بار باراضافے نے لوگوں کی زندگی اجیرن کردی ہے ۔

روز بروز بڑھتی مہنگائی نے محنت کشوں ، مزدوروں اور ملازمین کے لیے دو وقت کی باعزت روٹی کا حصول مشکل بنادیاہے ۔ موجودہ حکومت نے سب سے زیادہ پریشان سفید پوش طبقہ کو کیاہے جس کے لیے اپنی سفید پوشی کا بھرم رکھنا مشکل ہوگیاہے ۔ رانا مبشر اقبال نے مزید کہا کہ خان صاحب کے سہانے خوابوں کے برعکس حقیقت کچھ اور ہے انکا مقصد اپوزیشن کو ہراساں کرنا اور زبان بندی ہے۔انہو ںنے کہا کہ پچھلے دس ماہ میں تحریک انصاف کی ناکام حکومت نے گیارہ ارب ڈالر کا قرض لیاہے خان صاحب اپنی حکومت کی بھی جانچ پڑتال کریں اور تحقیقا ت اپنے گھرسے شروع کریںخان صاحب دوسروں پر الزامات لگاتے ہیں۔خان صاحب کے ہتھکنڈوں سے اپوزیشن گھبرانے والی نہیں ایک ایک وعدہ خلافی کا احتساب ہوگا اب ہم بھاگنے نہیں دینگے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب پر کہا کہ عوام کی نواز شریف اور نواز شریف کی عوام سے لا زوال محبت کی داستان ہے آنے والے ہر دن کے ساتھ محبت مضبوط تر ہو تی جا رہی ہے یہ ایک نیا رحجان ہے عمران خاں نے ملک کو نئی آئی ایم ایف ایسٹ انڈیا کمپنی کے حوالے کر دیا۔ ہم احتساب کے حق میں ہیں لیکن احتساب کے نام پر انتقا م برداشت نہیں حکمرانوں کی نااہلی اور نالائقیوں کی وجہ سے امن و امان کی صورت حال کے ساتھ ساتھ ملکی معیشت کا بھی برا حال ہے ۔