لاہور( گلف آن لائن ) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ہارون عمران گل نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی کل جماعتی کانفرنس ناکام ہو گئی، اے پی سی اعلامیہ اپوزیشن کی نالائقی اور تحریری بدتمیزی کا منہ بولتا ثبوت ہے، اے پی سی اعلامیہ کھسیانی بلی کھمبا نوچے کے مترادف ہے، اے پی سی اعلامیہ میں اپنے بنائے ہوئے الیکشن کمیشن پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا، گمراہ ٹولہ ہر طرح کی سازشوں میں ناکام ہو گا،
اپوزیشن کے منفی ایجنڈے کو مسترد کرتے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ رہبر کبھی چوری، ڈکیتی اور منی لانڈرنگ سے قومی خزانہ نہیں لوٹتا، اپوزیشن کی مجوزہ رہبر کونسل میں 99.9 فیصد لوگوں کے دامن داغدار ہیں، اپوزیشن گیدڑ بھبھکیوں کی بجائے مثبت تجاویز لے کر آئے، وفاقی بجٹ ہر صورت پاس ہو گا، کوئی منظوری سے نہیں روک سکتا۔انہوں نے کہا کہ اے پی سی مسلسل دس گھنٹے جاری رہنے کے بعد ناکام ہو گئی، اے پی سی ارکان اگلے چار سال صبر کے ساتھ پرانی تنخواہ پر کام کریں گے، آستینیں چڑھا کر حکومت گرانے کی خواہش رکھنے والے ایک بیانیہ پر بھی متفق نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی اعلامیہ میں کرپشن کی روک تھام کے لئے ایک بھی لفظ شامل نہیں، سیاسی اداکار کرپشن کے لفظ کو معیوب نہیں سمجھتے، سیاسی اداکاروں کو بجٹ میں صرف نقائص ہی نظر آئے، وفاقی بجٹ ہر صورت پاس ہو گا، کوئی منظوری سے نہیں روک سکتا۔ احتساب کا شکنجہ سخت ہوتے ہی اپوزیشن کو عام انتخابات دھاندلی زدہ نظر آنے لگے۔