سپیشل اکنامک زون

مہنگائی،بے روزگاری،غربت اور جہالت ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کے ایسے تحفے ہیں جنہیں عوام کبھی بھلا نہیں سکتے‘اسلم اقبال

لاہور(لاہور نامہ) صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ صوبے کے مختلف حصوں میں نئے صنعتی مراکز،انڈسٹریل پارکس اور سپیشل اکنامک زون کے قیام سے صنعتی ترقی وخوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ان صنعتی مراکز میں بین الاقوامی معیار کا جدیدانفراسٹرکچر فراہم کیا جائے گاجس سے بڑی ملکی وغیرملکی سرمایہ کاری آئے گی۔کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات اور سرمایہ کار دوست ماحول کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاری پنجاب کارخ کررہے ہیں۔

آنے والے وقتوں میں پنجاب میں بھرپورسرمایہ کاری ہو گی۔اے پی سی مایوس لوگوں کا اکٹھ تھا جو سرسے پاﺅں تک کرپشن میں لتھڑے اسیروں کو بچانے کے لئے جمع ہوئے تھے۔یہ عناصر یاد رکھیں کوئی کرپٹ احتساب سے نہیں بچے گا۔صوبائی وزیر ان خیالات کا اظہاراپنے کیمپ آفس میں پارٹی کارکنوں اور تاجروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کاش قومی دولت کے لٹیرے لوٹی ہوئی دولت واپس خزانے میں جمع کروانے کے لئے بھی کوئی اے پی سی کریں۔عوام کی ترقی کے دشمنوں نے قومی وسائل کی لوٹ مار سے پہلے ملک اور قوم کو کنگال کیا اور اب اپنے انتشار کے ایجنڈے کے ذریعے ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں۔عوام انہیں اچھی طرح پہچان چکے ہیں، اب وہ ان قومی لٹیروں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔پی ٹی آئی اپنی کارکردگی کے ذریعے مخالفین کو ہر محاذ پر شکست دے گی اور ان کے عوام کی ترقی کے مخالف ایجنڈے کو ناکام بنائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قرضوںاور مشکلات میں گھری قوم کی امید وںکا مرکز ہیں اور وہ عوام کو کبھی مایوس نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی،بے روزگاری،غربت اور جہالت ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کے ایسے تحفے ہیں جنہیں عوام کبھی بھلا نہیں سکتے۔ان عناصر کو 2018کے انتخابات میں شکست سے سبق حاصل کرکے ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان حقیقی منزل کی کی جانب سے تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اسی بات نے مخالفین کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔پاکستان ترقی کا سفر ضروری طے کرے گا اور ملک وقوم کی تقدیر جلد بدلے گی۔