ایشین ٹیم اسنوکر

بھارت کو شکست، پاکستان نے ایشین ٹیم اسنوکر چمپئن شپ جیت لی

دوحہ (این این آئی)پاکستان نے ایشین ٹیم اسنوکر چمپئن شپ کے فائنل میں بھارت کو شکست دےکر چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔قطر کے دارالحکومت دوحہ میں کھیلی گئی ایشین ٹیم اسنوکر چمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کے بابر مسیح اور ذوالفقار قادر پر مشتمل ٹیم کا مقابلہ بھارت کے پنکج ایڈوانی اور لکشمن راوت اور اور آدتیہ مہتا سے ہوا۔

پہلے دو فریمز میں پاکستانی کیوسٹس نے عمدہ کھیل پیش کیا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان کے بھارتی حریف صرف ایک، ایک پوائنٹ ہی حاصل کر سکے اور انہوں نے 01-79 اور 01-71 سے فتح سمیٹی۔اس کے بعد ڈبلز کے فریم میں بھارت کے پنکج ایڈوانی اور لکشمن راوت نے محتاط کھیل پیش کرتے ہوئے ڈبلز فریم 18-58 سے جیت لیا۔ریورس سنگل پر مشتمل چوتھے فریم میں پنکج ایڈوانی پاکستان کے ذوالفقار قادر کے خلاف چھائے رہے اور فریم 39-67 سے جیت لیا تاہم 0-2 کی برتری کے باوجود مجموعی طور پر مقابلہ برابر ہونے پر پاکستانی ٹیم شدید دباو¿ کا شکار تھی اور آخری فریم میں پاکستان کے بابر مسیح کا مقابلہ لکشمن راوت سے ہوا جس میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بابر کامیاب رہے اور پاکستان نے 2-3 سے ٹائٹل جیت کر چمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔چمپئن شپ میں پاکستان کی ٹیم سونے، بھارتی ٹیم چاندی جبکہ کانسی کا تمغہ مشترکہ طور پر میانمار اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں جیتنے میں کامیاب رہیں۔بابرمسیح اور ذوالفقار قادر پر مشتمل ٹیم کی جانب سے شاندار کھیل پیش کرنے اور ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرنے پر پی بی ایس ایف کے صدر منور شیخ نے کھلاڑیوں کو مبارکباد بھی پیش کی۔