لاہور( این این آئی)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ موجودہ بجٹ پر تاجروں سمیت مختلف شعبوں کے شدید تحفظات ہیں لیکن کسی بھی مطالبے کی شنوائی نہیں ہو سکی ،میثاق معیشت پر پیشرفت کے لئے حکومت اور اپوزیشن دونوں کوکھلے دل سے آگے بڑھنا ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کےلئے آنے والے تاجروں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت کا اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر پالیسیوں اور ٹیکسز کا نفاذ کسی طرح بھی درست اقدام نہیں بلکہ اس سے معیشت کو نقصان ہی ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی بجٹ میں ٹیکس دہندگان پر مزید بوجھ بڑھایا گیا ہے ، حکومت کو پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ تمام محاذ کھولنے کی بجائے مرحلہ وار اور اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے آگے بڑھا جائے جس کے دورس نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی او رصوبائی بجٹ پر تاجروں سمیت دیگر شعبوں کے شدید تحفظات ہیں اور ان کی جانب سے نظر ثانی کےلئے جو مطالبات پیش کئے گئے ان کی شنوائی نہیں ہوئی۔ حکومت کو اپنی پالیسیوں میں لچک کا مظاہرہ کرنا چاہیے جس سے معیشت کو فائدہ ہوگا ۔ انہوںنے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں میثاق معیشت نا گزیر ہے لیکن اس پر پیشرفت نہ ہونا بد قسمتی ہے ۔ بہت سے ممالک میں معیشت کو آگے لے جانے کے لئے قومی معاہدے موجود ہیں اور ہمیں بھی اس کی مشق کرنا ہوگی ۔