ہرجانے کا نوٹس

رانا مشہود کا نیب کو ہرجانے کا نوٹس بھجوانے کا اعلان

لاہور( این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق صوبائی وزیر رانا مشہود احمد نے بیرون ممالک جانے سے روکنے پر نیب کو ہرجانے کا نوٹس بھجوانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس پر پیر کے روز پیشرفت کی جائے گی ۔ انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کا ایگزیکٹو بورڈ 2017ءمیں مجھے کلین چٹ دے چکا ہے لیکن مجھے پھر بھی بیرون ملک جانے سے روکا گیا ۔ا نہوںنے کہاکہ لاءفرم کے معاہدے کےلئے نجی دورے پر امریکہ جارہا تھاکہ ائیر پورٹ پر بتایا گیا کہ آپ کانام بلیک لسٹ میں شامل ہے ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ اگر مجھے معلوم ہوتا کہ میرا نام بلیک لسٹ میں شامل ہے تو کیا میں ہوٹل کی بکنگ اور ہوائی جہاز کی ٹکٹ خریدتا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے یوتھ فیسٹول کے ذریعے عالمی ریکارڈ بنائے اور انہیں پوری دنیا نے تسلیم کیا لیکن نیب کے اقدامات پاکستان کی عزت میں کمی کا سبب بن رہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ میرے وکلاءکی ٹیم نیب کو نوٹس بھیجنے کی تیاری کر رہی ہے اور پیر کے روز اس پر پیشرفت کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے مشرف کی آمریت کا سامنا ہے اور موجودہ حکومت کے سیاسی انتقام کا سامنا کرنے کےلئے بھی تیار ہیں۔ انہوں نے نیب کی پیشی کے نوٹس کے حوالے سے کہا کہ پہلے بھی نیب کے سامنے پیش ہوا ہوں اور اب دوبارہ بھی پیش ہو جاﺅں گا ۔