وسط مدتی انتخابات

شہباز شریف وسط مدتی انتخابات کا سوچنے کی بجائے پارٹی معاملات پر توجہ دیں، ہمایوں اختر خان

لاہور(اے پی پی )پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن ہر طرح کی کوششوں کے باوجود احتساب کے جاری عمل کو روکنے کیلئے کوئی بھی فارمولہ کامیاب نہ ہونے کی وجہ سے شدید مایوسی کا شکار ہے ، ملک کا مستقبل تاریک کرنے پر قوم سے معافی مانگنے اور لوٹے ہوئے اربوں روپے واپس کرنے تک جان نہیں چھوٹے گی ،شہباز شریف وسط مدتی انتخابات کا سوچنے کی بجائے پارٹی کے معاملات پر توجہ دیں جہاں حالات ان کے کنٹرول سے باہر ہو رہے ہیں۔ کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ ہم کسی بھی سیاسی جماعت کے ختم ہونے کے حق میں نہیں لیکن اگر کوئی سیاسی جماعت اپنے بوجھ تلے دفن ہو جائے تو اس میں کسی کا کیا قصور ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے بجٹ کو روکنے کیلئے جتنی توانائیاں خرچ کی ہیں اگر اس کی بجائے مثبت تجاویز دی جاتیں تو انہیں عوام میں بھی پذیرائی ملتی ۔ اپوزیشن جماعتوں پر واضح ہو گیا ہے کہ ان کی احتجاج کی ہنڈیا بیچ چوراہے میں پھوٹ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے چیمپئین ہونے کے دعویدار شہباز شریف کاوسط مدتی انتخابات کا بیان مضحکہ خیز ہے اور یہ ان کے ذہنی خلفشار کی عکاسی ہے۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا کوئی فارمولہ کامیاب نہیں ہو رہا اس لئے اس طرح کے بیانات داغ کر عوام کی توجہ حاصل کرنے کی ناکام کوششیں کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پہلے اپنی جماعت کے معاملات کو نمٹا لیں جہاں قیادت سنبھالنے کی جنگ عروج پر ہے اور ا ن کی پارٹی کے اندر سے بھی اچھی خبریں نہیں آرہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا احتساب کے معاملے پر واضح موقف ہے کہ عوام سے حاصل کئے گئے مینڈیٹ کے مطابق احتساب کے جاری عمل کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔