ایڈھاک ازم

عمران خان ایڈھاک ازم پر زیادہ عرصہ حکومت نہیں چلاسکتے : سینیٹر سراج الحق

لاہور (آن لائن) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پی ٹی آئی ایڈھاک بنیادوں پر زیادہ عرصہ حکومت نہیں چلا سکتی ۔مستقبل کے لیے حکومت کے پاس کوئی مستقل نظام ہے نہ وژن ۔ مہنگائی کو کنٹرول نہ کیا گیا تو سیاسی جماعتیں احتجاج کریں یا نہ کریں ، عوام حکومت کے خلاف سڑکوں پر آنے میں دیر نہیں کریں گے ۔ حکمرانوں کو اس دن سے ڈرنا چاہیے جب بے ہنگم ہجوم ان کے بنگلوں اور ایوانوں کی طرف بڑھنے لگے اور ان کا محاصرہ کرے ۔ جماعت اسلامی نے ابتداء میں ہی سیمینارز اور کانفرنسز کر کے حکومت کو معیشت کی بہتری کے لیے تجاویز دی تھیں مگر نالائق حکومت کو آئی ایم ایف کی غلامی کے سوا کوئی راستہ نہیں سوجھا ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں ملک بھر سے آئے وفود سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ معاشی نظام کی تباہی کی بنیاد سودی نظام ، مس مینجمنٹ اور بے انتہا کرپشن ہے ۔ جب تک حکومت اور حکمران سودی نظام اورکرپشن سے توبہ نہیں کرتے ، انتظامی امور کو بہتر نہیں کرسکتے اور نہ معاشی خوشحالی ممکن ہے ۔ معیشت کو بہتر بنانے کے لیے قابل عمل اقدامات کرنا ہوں گے ۔ اس میں سب سے ضروری سودی نظام اور کرپشن سے توبہ کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب تک ہم اللہ کے نظام کو اختیار نہیں کرتے ، صرف شور شرابے اور پروپیگنڈہ سے مسائل حل نہیں ہوں گے ۔