انسانیت کی خدمت

اربوں کے اثاثے بنانے والوں کو نہیں انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو ہی تاریخ یاد رکھے گی ، چوہدری سرور

لاہور (آن لائن )گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اربوں روپے کے اثاثے بنانے والوں کو نہیں انسانیت کی خدمت کرنے والوں کو ہی تاریخ یاد رکھے گی ۔وزیر اعظم عمران خان کی زندگی کا مقصد آئین وقانون کی حکمرانی اور حق دار کو اس کا حق دینا ہے۔ ملک وقوم کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے ہی عمران خان کر پشن کے خلاف آج بھی جنگ لڑ رہے ہیں ۔امت مسلمہ کے حکمران دولت اور محلات بناتے رہے ہیں جس کی وجہ سے آج تک فلسطین او ر کشمیر جیسے ایشوز حل نہیں ہوسکے ۔بدقسمتی سے پاکستان میں آج بھی2کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں انشاء اللہ تحر یک انصاف کی حکومت ان بچوں کو سکولوں میں لیکر جائے گی۔ وہ بدھ کے روز لاہور میں پیپسکو اور عمل اکیڈمی کے اشتراک سے 300 سے زائد طلباء کی عمل کیئررفلوشپ گریجویشن تقریب سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر اخوت کے چیئر مین ڈاکٹر امجد ثاقب ،پیپسکو کے سربراہ حاکم خان اور عمل اکیڈمی کے ڈائر یکٹر علی صدیقی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کی زندگی میں کسی بھی شعبے میں آگے بڑھنے کیلئے ایمانداری اور نیک نیت ہونا ضروری ہے۔

آج اوراس بات میں کوئی شک نہیں کہ ورکنگ کلاس ایماندار اور پاکستان کے ساتھ مخلص ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انسان کسی بھی شعبے میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کر لیا تواس میں کوئی شک نہیں کہ آپ کو کامیابی سے آگے بڑھنے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ عمران خان اس ملک کے وزیر اعظم ہیں جو دو نہیں ایک پاکستان کے نعرے کو عملی جامعہ اپنا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس معاشرے اور نظام کو تبدیل کر کے اس ملک میں ہر حق دار کو اس کا حق دینا ہے اور پاکستان میں جو2کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں ان کو سکولوں میں واپس لیکر آنا ہے جس کے لیے ہمیں بھی سر ی لنکاکے ماڈل کو اپناتے ہوئے بچوں کیلئے سکالر شپ پروگرام شروع کر نے ہیں تاکہ غر یبوں کے بچوں کو بھی اعلی اور مفت تعلیم دی جاسکے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بدقسمتی سے آج امت مسلمہ بدترین مسائل کاشکار ہے اسلام دشمن قوتیں ہمیں نشانہ بنا رہی ہیں اور اسکے ذمہ دار امت مسلمہ کے وہ حکمرانوں ہیں جنہوں نے امت مسلمہ اور اپنی عوام کا سوچنا کی بجائے پیسہ اور دولت بنانے کو تر جیح دی اور تاریخ کبھی جائیداد اورپیسہ بنانیوالوں کو یادنہیں رکھتی بلکہ ہمیشہ تاریخ میں وہ لوگ ہی زندہ رہتے ہیں جنہوں نے انسانیت کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کام کیا ہوتا ہے۔ اس موقعہ پر چیئر مین اخوت ڈاکٹر امجد ثاقب سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل ہمارا مستقبل ہے ہم سب کی ذمہ داری ہے ان کو اعلی تعلیم کیساتھ روزگارسمیت دیگر سہولتیں فراہم کریں۔