لاہور( این این آئی )پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما پرویز رشید نے کہا ہے کہ کوٹ لکھپت جیل کا قیدی سچ کی آواز ہے اور حکمرانوں کا جھوٹ بے نقاب ہوتا چلا جارہا ہے ، اس میں کوئی شک نہیں کہ جو بھی نواز شریف سے ملاقات کرنے کی کوشش کرے گا اس پر جھوٹا الزام لگایا جائے گا اس کی کردار کشی کی جائے گی ،اس کی گاڑی سے منشیات برآمد کر کے جیل میں ڈال دیا جاتا ہے ،کوٹ لکھپت کے قیدی اور نہتی لڑکی جس کی آواز دبانے کی کوشش کی جارہی ہے عوام اس کے ساتھ کھڑے ہیں اور ساتھ چلیں گے۔ کوٹ لکھپت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ نواز شریف سے ملاقاتوں پر پابند ی لگا دی گئی ہے ۔
ہم اس قیدی سے ملاقات کےلئے آئے ہیں جس نے اس ملک کو ایٹمی قوت بنایا ، معاشی طو رپر مضبوط کیا ،عوام کو خوشحالی و ترقی کا زمانہ دکھایا۔جب نوازشریف کو قید کیاگیا تو ایٹمی پاکستان کشکول اٹھا کر دنیامیں بھیک مانگتا نظر آیا۔آج حکمران نوازشریف سے خوفزدہ ہیں ،قیدی کی آواز سچ کی آواز ہے اورحکمرانوں کی جھوٹ کی آواز ہے ،اگر کوئی نواز شریف سے ملاقات کےلئے آتاتو اس کی گاڑی میں منشیات ڈال دی جاتی ہیں اور اسے جیل میں ڈال دیا جاتا ہے ۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ جو نواز شریف سے ملاقات کی کوشش کرے گا اس کی کردار کشی کی جائے گی اس پر جھوٹا الزام لگایا جائے گا کیونکہ حکومت کے پاس مخالفین پر جھوٹے الزامات عائد کرنے اور پراپیگنڈے کرنے کے کوئی کام نہیں ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر فیض احمد فیض کا شعرپڑھا اور کہا کہ ہماری نظر نہیں جھکے گی ، ہم اپنے جسم و جان کو بھی نہیں بچانا چاہتے ،ہم پاکستان اور عوام کے لئے اپنے آپ کو قربان کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک قیدی کی آواز ایک نہتی لڑکی مریم بی بی کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن ہم اس کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور ساتھ چلیں گے او ر ملک کو حقیقی جمہوریت سے روشناس کرائیں گے۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پروڈکشن آرڈر جاری کرنا سپیکر اور پارلیمنٹرینز کا استحقاق ہوتا ہے دوسرے کو کوئی حق حاصل نہیں کہ وہ اس پر اپنی رائے دے کہ پروڈکشن آڈرجاری کیا جائے گا یا نہیں کیا جائے گا ۔جنہیں قید ی کہا جارہا ہے انہیں ابھی سزائیں نہیں ہوئیں۔ سعد رفیق ، آصف زرداری اورحمزہ شہباز پر الزام ہے لیکن جوحکومت میں بیٹھے ہیں ان پر بھی الزام ہے ، اپوزیش والے جیلوں میں بند ہیں حکمران جماعت کے لوگ اقتدار کی کرسیوں پر بیٹھے ہیں انہیں بھی جیل میں ہوناچاہیے ۔الزام اور ثبوت کے بغیر جیل میں رکھنے والوں کو سوچنا چاہیے ۔عمران خان خود کہتے ہیں جو کچھ ظلم و ناانصافی چل رہاہے وہ ان کے منشور کا حصہ ہے ،عمران خان خود ہی بہت سی باتوں کا بتا دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) متحد ہے ،شاہد خاقان عباسی ،احسن اقبال اوررانا ثنااللہ خان ایک ہیں ۔جو ہارس ٹریڈنگ کی گئی جنہوں نے کی ان سے پوچھیں ،کیا انہیں ہارس ٹریڈنگ کرتے شرم آئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ پر اراکین صوبائی و قومی اسمبلی نے آواز کو بلند کیا ،اے پی سی میں فیصلے کئے گئے تمام سیاسی جماعتیں احتجاج کرنا چاہتی ہیں ۔