ترقی 4فیصد

آئی ایم ایف کی پاکستان میں رواں مالی سال کیلئے اقتصادی ترقی 4فیصد کے مقررہ ہدف کے برعکس 2.4فیصد رہنے کی پشین گوئی

اسلام آباد (این این آئی)آئی ایم ایف نے پاکستان میں رواں مالی سال کیلئے اقتصادی ترقی 4فیصد کے مقررہ ہدف کے برعکس 2.4فیصد رہنے کی پشین گوئی کی ہے ۔آئی ایم ایف قرضہ پروگرام کا تفصیلی اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس میں پاکستان میں مہنگائی ساڑھے 8فیصد کے مقررہ ہدف کے برعکس 13 فیصد تک بڑھنے کی نوید سنا دی ۔ آئی ایم ایف کے مطابق رواں مالی سال کے دوران گراس سیونگ 12.1 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔ آئی ایم ایف نے رواں سال مقامی حکومتی قروضوں میں کمی اور بیرونی قرضوں میں اضافے کی بھی پشین گوئی کی ہے ۔

آئی ایم ایف نے جی ڈی پی میں آئی ایم ایف سمیت حکومتی قرضوں کا تناسب 74.9فیصد سے بڑھ کر 76.9فیصد تک ہونے کی پشین گوئی کی ہے ۔ اعلامیہ کے مطابق جی ڈی پی میں غیرحکومتی قرضوں کا تناسب ایک سال میں 26.5فیصد سے بڑھ کر 32 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ اعلامیہ کے مطابق مقامی حکومتی قرضوں کا تناسب 48.4 فیصد سے کم ہو کر 44.9فیصدرہنے کی پشین گوئی کی ہے ،برآمدات میں 8.7 فیصد اضافہ جبکہ درآمدات میں 4.7 فیصد کمی کی پشین گوئی کی ہے ۔اعلامیہ کے مطابق جی ڈی پی میں حکومتی اخراجات کا تناسب 21.7فیصد سے بڑھ کر 23.4 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ اعلامیہ کے مطابق رواں مالی سال کے دوران بجٹ خسارہ 7.3فیصدتک رہنے کی پشین گوئی سنا دی،پاکستان کو رواں مالی سال کے دوران 8.6ارب ڈالر کی ضرورت ہوگی۔