بلا تفریق

سابقہ حکمرانوں نے عوام کو سوائے محرومیوں کے کچھ نہیں دیا ،بلا تفریق مداوا کرینگے‘ وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور( این این آئی)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کیلئے دن رات کوشاں ہے ،سابقہ حکمرانوں نے عوام کو سوائے محرومیوں کے کچھ نہیں دیا لیکن ہم بلا تفریق ان کا مداوا کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ اور پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

دونوں رہنماﺅں نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو صوبے کی ترقی کےلئے دن رات محنت کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور رواں مالی سال کا بجٹ منظور کرانے پر مبارکباد دی ۔ جمشید اقبال چیمہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو حلقہ اے 127کے مسائل سے بھی آگاہ کیا ۔ وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے صرف اپنی اناءکی تسکین کے منصوبے مکمل کئے جبکہ موجودہ حکومت عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کو ترجیح دے رہی ہے۔ رواں مالی سال کے بجٹ میں تعلیم ، صحت او رپینے کے صاف پانی کی فراہمی کےلئے انقلابی اقدامات تجویز کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حلقہ این اے 127کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔