روڈ ٹو مکہ منصوبہ

وزیراعظم عمران خان نےاسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرروڈ ٹو مکہ منصوبہ کا باضابطہ افتتاح کر دیا

اسلام آباد (آئی آئی پی) وزیر اعظم عمران خان نے جمعہ کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر روڈ ٹو مکہ منصوبہ کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر شہری ہوا بازی غلام سرور خان، وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وفاقی وزیر مذہبی امور ڈاکٹر نور الحق قادری، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ محمد ارباب شہزاد، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی اور دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم کو ہوائی اڈے پر سیکریٹری مذہبی امور میاں مشتاق نے روڈ ٹو مکہ منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس پائلٹ منصوبہ کے تحت پاکستانی عازمین حج کو اسلام آباد سے روانگی کے وقت ہی امیگریشن اور دیگر متعلقہ سہولیات میسر ہوں گی۔ یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو پاکستان کے دورہ کے دوران پاکستانی عازمین حج کی سہولت کے لئے درخواست کی تھی جس پر پاکستان کو روڈ ٹو مکہ پروگرام میں شامل کیا گیا۔