لاہور (صباح نیوز)پنجاب اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کی چیئر پرسن مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) ایک بار پھر چور مچائے شور کافارمولہ لگانے میں بری طرح ناکام رہی ہے ،مریم نواز چوکے چھکے لگانے کی سیاست کی کوشش میں ہر بار کلین بولڈ ہوئی ہیں ،احتساب ٹرین اپنی منزل پر پہنچے بغیر کہیں سٹاپ نہیں کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر پارٹی خواتین کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مریم نواز کی سیاست میں کوئی جدوجہد نہیں لیکن وہ ایسے ظاہر کر رہی ہیں جیسے انہوں نے ملک و قوم کیلئے بڑی قربانی دی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ مریم نواز اور ان کے خاندان نے ہمیشہ اپنی کرپشن کو بچانے کیلئے قربانی دی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے جعلی ویڈیو کے ذریعے انصاف کے ادارے کو جس طرح بد نام کرنے کی کوشش کی ہے اس کانوٹس لیا جانا چاہیے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی آگے بڑھنی چاہیے ۔ اگر ویڈیو حقائق پر مبنی ہوتی تو مریم نواز پریس کانفرنس کے بعد صحافیوں کے سوالات کے جوابات دینے کی بجائے راہ فرار اختیار نہ کرتیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں قانون اپنا راستہ بنائے گا اور آنے والے دنوں میں اصل حقائق بھی قوم کے سامنے آجائیں گے۔