آسٹریلیا:
قدرت کے کارخانے میں کینگرو اپنے بچوں کو ساتھ ساتھ لیے پھرتے ہیں لیکن ایک پرندہ ایسا بھی ہے جس کا نر اپنے بچوں کو بچانے کی ہرممکن کوشش کرتا ہے۔ یہاں تک کہ وہ ایک ساتھ کئی بچوں کو اپنے پروں میں چھپاکر اس وقت تک سفر کرتا ہے جب تک کوئی محفوظ ٹھکانہ نہیں مل جاتا۔
اوپر کی تصویر میں کومب کرسٹیڈ جیکانا دکھائی دے رہا ہے۔ تصویر کو دیکھیں تو گمان ہوتا ہے کہ شاید اس پرندے میں کسی پیدائشی نقص کی وجہ سے بہت سی ٹانگیں نمودار ہوگئی ہیں مگر ایسا نہیں ہے کیونکہ اس نے پروں میں اپنے چھوٹے بچے چھپائے ہوئے ہیں۔
یہ خوبصورت پرندہ کنول بھری جھیلوں میں رہنا پسند کرتا ہے اوراپنی خاص ٹانگوں کی بدولت باآسانی پتوں پر دوڑتا رہتا ہے۔ ایک وقت میں یہ چار بچوں کو اٹھا کر چل سکتا ہے اور وزن بانٹنے کےلیے یہ انہیں دائیں بائیں رکھتا ہے۔ جیکانا کنول کے بیج، پانی کے کیڑے اور دیگر کیڑے مکوڑے رغبت سے کھاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق نرپرندے کا یہ رویہ بہت انوکھا ہے۔ یہ بہت شرمیلا جاندار ہے اور کبھی کبھار ہی کیمرے کے قید میں آتا ہے۔ اوپر کی تصویر کوئنزلینڈ کی ماہر سیلی کورٹے نے لی ہے اور اسی بنا پر یہ دنیا بھر میں مقبول ہورہی ہے۔ جیکانا پرندے نیوگنی، آسٹریلیا اور بورنیو میں پائے جاتےہیں۔
اس کی مادہ ایک وقت میں دو سے تین نروں کے پاس جاتی ہے اور یوں انڈے دینے کے بعد انہیں چھوڑ کر چلی جاتی ہے جبکہ نر ہی ان بچوں کی پرورش اور دیکھ بھال کرتا ہے۔
پرندے کے 80 فیصد گھونسلے بچوں کی آمد تک تباہ ہوجاتے ہیں یا بکھر جاتے ہیں اور اسی بنا پر یہ بار بار گھونسلہ بناتا ہے اور اس کے لیے بچوں کو اٹھا کر ایک مقام سے دوسرے مقام تک جاتا ہے۔ بسا اوقات جیکانا انڈوں کو بھی ایک سے دوسری جگہ لے جاتا ہے۔