موسم خوشگوار

ملک کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش، موسم خوشگوار

اسلام آباد(صباح نیوز) کراچی میں صبح سویرے ہلکی بارش اور تیز ہوا چلنے سے موسم خوشگوار ہو گیا، شہر میں کئی جگہ دھوپ ہونے کے باوجود ہلکی بوندا باندی ہوئی۔

کئی سڑکوں پر بارش کے بعد پھسلن پیدا ہو گئی جس کے باعث متعدد موٹر سائیکل سوار سلپ ہو کر حادثے کا شکار ہو گئے۔ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا، تاہم راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر میں کہیں کہیں تیزہواﺅں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ہزارہ ڈویژن، کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواﺅں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔

اس دوران پشاور، کوہاٹ، ژوب اور ڈی جی خان ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواﺅں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور راولپنڈی میں تیز ہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔گلگت بلتستان کے ضلع استور میں بڑھتی ہوئی گرمی کے ساتھ ہی دریاوں کے بہاو میں بھی اضافہ ہو گیا ہے جس کے باعث مختلف علاقوں میں زمین کے کٹاو کا سلسلہ جاری ہے.

جبکہ کئی رابطہ پلوں کو بھی خطرہ ہے۔تھر میں پری مون سون کی بارشوں کا مرحلہ مایوس کن رہا، علاقے میں تا حال پڑنے والی بارشیں صرف 10 فیصد رقبے تک ہی محدود رہیں۔