صدر مملکت

صدرمملکت کے دورہ گلگت بلتستان سے سیاحت کو فروغ ملے گا

گلگت (صباح نیوز) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سوشل میڈیا میں صدر پاکستان کے دورہ گلگت بلتستان کو منفی تاثر دینے کے حوالے سے خبریں چلائی جا رہی ہیں جو حقائق کے منافی ہیں۔

صدر پاکستان ریاست کے سربراہ ہیں ۔ ٹور دی خنجراب ریلی جو انتہائی اہمیت اور دنیا بھر میں گلگت بلتستان اور پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہے ۔ ٹور دی خنجراب ریلی میں پاکستان کے علاوہ مختلف ممالک کے سائیکلسٹ شرکت کر رہے تھے۔

گلگت بلتستان اور پاکستان کے مثبت تشخص کو دنیا بھر میں اجاگر کرنے کے لیے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے صدر مملکت کو ٹوردی خنجراب ریلی کی اختتامی تقریب میں شرکت کے لیے خصوصی دعوت دی تھی ۔

صدر مملکت اور وزیراعظم صوبوں کے دوروں پر آتے ہیں تو میزبانی کے آداب ہوتے ہیں ۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان کی جانب سے ٹور دی خنجراب ریلی کی اختتامی تقریب میں صدر مملکت کو دی جانے والی دعوت کو قبول کرتے ہوئے صدر مملکت گلگت بلتستان تشریف لائے ۔

گلگت بلتستان کے عوام نے صدر مملکت کو اپنے درمیان پا کر انتہائی مسرت کا اظہار کیا ۔ صدر مملکت کے دورہ گلگت بلتستان اور ٹور دی خنجراب ریلی میں شرکت سے گلگت بلتستان میں امن اور سیاحت کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر انتہائی مثبت پےغام گیا جس سے بین الاقوامی سیاحت کو فروغ ملے گا اور دنیا بھر میں گلگت بلتستان کا مثبت تشخص اجاگر ہو گا ۔

میڈیا کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کی ترقیاتی بجٹ میں کمی اور چند ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وفاقی حکومت سے گزارشات اور تحفظات ہیں ۔ صدر مملکت کے دورہ گلگت بلتستان کے دوران وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے ان گزارشات اور تحفظات سے صدرمملکت کو آگاہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ بحیثیت ریاست کے سربراہ صوبائی حکومت کے ان تحفظات کو وزیراعظم پاکستان اور وفاقی حکومت تک پہنچانے اور گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کے جاری سفر کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں جس کو منفی انداز میں لیا گیا ۔

میڈیا کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مستقبل میں بھی گلگت بلتستان میں بین الاقوامی اور قومی نوعیت کے اےونٹس میں صدر مملکت کو شرکت کی دعوت دی جائے گی ۔