عبدالقادر

پاکستان کرکٹ کی تباہی کے ذمہ دار مکی آرتھر ہیں، عبدالقادر

لاہور(صباح نیوز) پاکستان کے سابق لیگ اسپنر عبدالقادر نے پاکستان کرکٹ کی تباہی کا ذمہ دار مکی آرتھر کو قرار دی دیا۔ ورلڈکپ میں آخری 4 میچز جیتنے کو کافی سمجھنے والوں کو شرم آنی چاہیے،

واپسی پر بورڈ کا بڑا عجیب رویہ دیکھنے میں آیا ہے۔عبدالقادر نے کہا کہ مکی آرتھر نے پاکستان کرکٹ تباہ کردی،ہیڈ کوچ نے احمد شہزاد، سمیع اسلم، سلمان بٹ، عمراکمل اور سہیل خان سمیت کئی باصلاحیت کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا، یہ کرکٹرز کارکردگی اچھی اور تجربہ کار ہونے کی وجہ سے پاکستانی فتوحات میں اہم کردار ادا کرسکتے تھے۔

اگر ان میں سے کسی کے نظم و ضبط کے حوالے سے مسائل بھی تھے تو پی سی بی کی ذمہ داری تھی کہ ان پر قابو پانے کیلیے طریقہ کار اپناتا تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات نہ ہوں۔ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی کے باوجود پی سی بی کی جانب سے تسلسل کے ساتھ پریس کانفرنسز کے انعقاد پر انھوں نے کہا کہ بڑا عجیب رویہ دیکھنے میں آیا، ابتدا میں ناکامیوں کے بعد آخری 4 میچز جیت کر اس کو بڑی کامیابی ثابت کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے،

یہ فتوحات بھی جس انداز میں ہوئیں ان میں فخر کرنے والی کوئی بات نہیں، پاکستان نے مسلسل ناکامیوں کا سامنا کرنے والی جنوبی افریقی ٹیم کو ہرایا،افغانستان کیخلاف گرتے پڑتے قوم کی دعاﺅں کے ساتھ فتح حاصل ہوئی۔سابق چیف سلیکٹر نے کہا کہ ورلڈکپ کیلیے پاکستان کی تیاریوں کا یہ عالم تھا کہ آغاز سے قبل ہمارا کمبی نیشن ہی حتمی نہیں تھا،

محمد عامر اور وہاب ریاض کی آخر میں شمولیت سے اندازہ ہوتا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کا کوئی پلان ہی نہیں تھا،حیران کن بات نہیں کہ دونوں نے بعد ازاں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔انھوں نے کہا کہ مستقبل میں بہتری کیلیے سارے کوچنگ اسٹاف کو ہی تبدیل کردینے کی ضرورت ہے لیکن سرفراز احمد کو قیادت سے ہٹانا درست نہیں ہوگا،وہ ایک فائٹر کپتان اور ماضی میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں۔