’’رمشا وسان قتل کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی جائے‘‘

فنکشنل مسلم لیگ نے رمشا وسان کے قتل کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ کردیا۔

رمشا وسان کے بیہمانہ قتل کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا مطالبہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کی سیکریٹری اطلاعات نصرت سحر عباسی نے کیا ہے۔

انہوں نے کہا ے کہ جے آئی ٹی کی سربراہی کے لیے سندھ ہائی کورٹ کے جج کو مقرر کیا جائے جبکہ اس جے آئی ٹی میں حساس اداروں کے حکام کو بھی شامل کیا جائے۔

نصرت سحر عباسی نے کہا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل کے لیے سندھ اسمبلی سمیت ہر فورم پر آواز اُٹھائیں گے اور رمشا وسان کے لواحقین کو انصاف دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ رمشا وسان کے قاتلوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے،قاتلوں کی گرفتاری اپوزیشن جماعتوں کے دباؤ کا نتیجہ ہے۔

رہنما فنکشنل مسلم لیگ نے مزید کہا کہ اس کیس میں ذوالفقار وسان کی گرفتاری ہمیں مصنوعی لگتی ہے، خدشہ ہے کہ اسے حکومتی دباؤ پر آزاد نہ کر دیا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی کی تشکیل تک یہ گرفتاری محض حکومتی ڈھونگ ہو گا، سندھ پولیس سیاست زدہ ہے، ان میں سندھ سرکار کی خواہشات کے برخلاف کام کرنے کی ہمت نہیں ہے۔

نصرت سحر عباسی نے یہ بھی کہا کہ جے آئی ٹی سندھ پولیس کو حکمرانوں کے تسلط سے آزاد کرانے کے لیے تجاویز بھی دے، سندھ پولیس ماضی میں اس قسم کے واقعات کی روک تھام کرتی تو رمشا وسان کے لواحقین کو یہ دن نہ دیکھنا پڑتے۔