اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان 3 روزہ دورے پر امریکا چلے گئے، عمران خان صدر ٹرمپ سمیت اعلی امریکی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔وزیراعظم عمران خان 3 روزہ دورے پر غیر ملکی کمرشل پرواز کے ذریعے امریکا گئے۔
وزیراعظم کے ہمراہ مشیر خزانہ حفیظ شیخ اور مشیر تجارت عبدالرزاق داﺅد بھی تھے۔ عمران خان کی صدر ٹرمپ سمیت اعلی امریکی قیادت سے ملاقاتیں شیڈول ہیں، عسکری قیادت بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ہے۔
وزیراعظم کے دورے سے دو طرفہ تعلقات کو فروغ ملے گا، وزیراعظم عمران خان پاکستانی کمیونٹی سے بھی خطاب کریں گے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور زلفی بخاری پہلے سے امریکا میں موجود ہیں۔22 جولائی کو وزیر اعظم عمران خان وائٹ ہاﺅس پہنچیں گے جہاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ان کا استقبال کریں گے اور انہیں وائٹ ہاس کا دورہ کرائیں گے۔
اس موقع پر تحائف کے تبادلے کے بعد دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملاقات ہو گی، عمران خان یو ایس پاکستانی بزنس کونسل سے ملاقات کریں گے اور امریکی میڈیا کو انٹرویو بھی دیں گے۔وزیراعظم عمران خان کی 23 جولائی کو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات ہو گی۔
بعدازاں وزیراعظم امریکی تھنک ٹینک انسٹی ٹیوٹ آف پیس اور کیپیٹل ہل میں پاکستانی کاکس سے خطاب کریں گے، پھر امریکی صحافیوں سے بھی ملاقات کریں گے۔ 23 جولائی کو ہی وزیراعظم عمران خان ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی سے بھی ملاقات کریں گے جس کے ساتھ ان کا دورہ امریکا مکمل ہو جائے گا۔