رمضان شوگرمل کیس

رمضان شوگرمل کیس‘ شہباز شریف عدالت میں پیش، حمزہ شہبازکوپیش کرنے کا حکم

لاہور(صباح نیوز) لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کرتے ہوئے نیب حکام کو حکم دیا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد حمزہ شہباز شریف کو آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے۔

جبکہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر میاں محمد شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت احتساب عدالت کے جج نے نیب حکام سے استفسار کیا کہ حمزہ شہباز کو عدالت میں کیوں پیش نہیں کیا۔ اس پر نیب حکام کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز اس کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں جبکہ آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں جسمانی ریمانڈ پر ہیں اور ان سے تفتیش جاری ہے اس لئے انہیں پیش نہیں کیا گیا۔

ا نہوں نے کہا کہ بیرون ملک کے اخبار سے خبر چھپوا کر مجھے بدنام کیا گیا ، دنیا کو بتایا گیا کہ شہباز شریف زلزلہ زدگان کی رقم کھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ مجھے ایسی رقم سے زندگی بھر دور رکھے۔ مجھے تو پی ٹی آئی نے بدنام کرنا ہی تھا لیکن پاکستان کو بھی بدنام کیا ۔

انہوں نے کہا کہ اگر میں نے ایسی رقم کھائی ہے تو نیب حکام اس کا کیس بنا کر عدالت میں لے آئیں اور میں اس عدالت میں سرخرو ہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کا احترام کرتا ہوں، کمر درد کی وجہ سے عدالت میں پیش نہیں ہو پاتا۔ عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس کی مزید سماعت یکم اگست تک ملتوی کر دی ۔ کیس کی سماعت کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔