لاہور (آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ مرکزی بینک اور عالمی اداروں کی جانب سے پاکستا ن میں مہنگائی مزید بڑھنے کا عندیہ قابل تشویش ہے ، خریداری کا رجحان نہ ہونے کی وجہ سے تاجروں کیلئے معمول کے اخراجات پورے کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے ،حکومت کاروبار دوست ماحول کو فروغ دے تاکہ سرمایہ کار ی کا رجحان بڑھنے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر تاجروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں تاجرو ں کیلئے جس طرح کی مشکلات پیدا کی گئی ہیں اس سے کاروباری سر گرمیاں فروغ نہیں پا سکتیں اور اسی وجہ سے تاجروں نے ہڑتال کی اور اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھے ۔ انہوں نے کہا کہ 30لاکھ سے زائد تاجر نہ صرف روزگار فراہم کررہے ہیں بلکہ ٹیکسوں کی مد میں بھی اربوں روپے قومی خزانے میں جمع کراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ ایک سال کے دوران کاروباری سر گرمیاں مانند پڑی ہوئی ہیں جس کی وجہ سے تاجروں کیلئے دکانوں کے کرائے ، یوٹیلٹی بلز اور عملے کی تنخواہوں پوری کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے ۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ خوف و ہراس کی فضا ء کو ختم کرے تاکہ سرمایہ کاری کا رجحا ن فروغ پائے اور ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں ۔ اس موقع پر تاجر رہنماؤں نے مرکزی صدر اشرف بھٹی کو مارکیٹوں میں پارکنگ اور تجاوزات کے حوالے سے اپنے مسائل سے بھی آگاہ کیا ۔