امریکی تاجروں

وزیراعظم کی امریکی تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشکش

واشنگٹن(آئی این پی) وزیراعظم عمران خان نے امریکی تاجروں سے ملاقات کرکے انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔ واشنگٹن میں وزیراعظم عمران خان سے ٹیکساس سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد بزنس مین اور ڈیموکریٹک پارٹی کے رکن طاہر جاوید نے ملاقات کی جب کہ امریکن بزنس مین جاوید انور نے بھی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے امریکی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی اور کاروباری مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔دوسری جانب سرمایہ کاروں نے بھی پاکستان میں سلامتی کی بہتر صورت حال کو سراہا اور ساتھ ہی توانائی و سیاحت سمیت سرمایہ کاری کی دلچسپی کے دیگر اہم شعبوں کی نشاندہی بھی کی۔اس سے قبل وزیراعظم عمران خان کے امریکا پہنچے پر امریکا میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے وزیراعظم کو خوش آمدید کہا اور پاکستان ہاوس پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، وہاں موجود افراد نے پلے کارڈز بھی اٹھا رکھے تھے جن پر پاکستان زندہ باد کے نعرے درج تھے۔واضح رہے وزیراعظم عمران خان 3 روزہ دورے پر امریکا میں موجود ہیں جہاں وہ جولائی کو وائٹ ہاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے جب کہ وزیراعظم عالمی بینک کے صدر اور دیگر کاروباری شخصیات سے ملاقاتوں کے علاوہ پاکستانی کمیونٹی سے خطاب اور پاکستان بزنس سمٹ میں شرکت بھی کریں گے۔