امریکہ پاکستانی

امریکہ پاکستانی برآمدات میں بدستور سرفہرست، حجم 4.03 ارب ڈالرہوگیا

کراچی(این این آئی)وزیر اعظم کے دورے سے پاک امریکہ تجارتی تعلقات میں مزید بہتری کی امید پیدا ہوگئی،گزشتہ مالی سال کے دوران امریکہ پاکستانی برآمدات کے حوالے سے بدستور سرفہرست رہا ، چین اوربرطانیہ فہرست میں دوسرے اورتیسرے نمبر پر ہیں۔پاکستان بیوروبرائے شماریات اوراسٹیٹ بینک کے اعدادوشمارکے مطابق مالی سال 2018-19 میں امریکا کو پاکستانی برآمدات کا حجم 4.03 ارب ڈالررہا جو مالی سال 2017-18 کے مقابلے میں 4.21 فیصد زیادہ ہے ۔

اعدادوشمارکے مطابق گزشتہ مالی سال کے دوران چین کوپاکستانی برآمدات میں پیوستہ مالی سال کے مقابلے میں 5.58 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔مالی سال 2018-19کے دوران چین کوپاکستانی برآمدات کا حجم 1.85 ارب ڈالر رہاتاہم امریکا اورچین کی نسبت گزشتہ مالی سال میں برطانیہ کو پاکستانی برآمدات میں مالی سال 2017-18 کے مقابلے میں ایک فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔