اسلام آباد (این این آئی)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ 25 جولائی کے انتخابات میں پاکستان کے عوام کی امنگیں اور عمران خان کی 23 سالہ جدوجہد رنگ لائی،عوام نے عمران خان کو احتساب کا جو مینڈیٹ دیا ہے آج اس کی فتح کا دن ہے
ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ 25 جولائی کے انتخابات میں پاکستان کے عوام کی امنگیں اور عمران خان کی 23 سالہ جدوجہد رنگ لائی۔ انہوںنے کہاکہ عوام نے عمران خان کو احتساب کا جو مینڈیٹ دیا آج اس کی فتح کا دن ہے۔انہوںنے کہاکہ آج ان عناصر کی شکست کا دن ہے جنہوں نے قوم کے مال میں خیانت کی،عوام کو غریب کرکے اپنے محل تعمیر کئے۔ انہوںنے کہاکہ سیاست کو لوٹ مار کے لئے استعمال کرنے والے سیاسی عبرت کا نشان بن رہے ہیں،قوم ان کی موروثی غلامی مسترد کر چکی ہے۔ انہوںنے کہاکہ 25 جولائی عوامی شعور کے اظہارکا دن ہے،اس دن عوام کے کندھے کرپٹ عناصر کی بے ساکھی نہیں بلکہ پاکستان کو بدعنوانی سے پاک کرنے کے مشن کا مضبوط سہارا بنے۔ انہوںنے کہاکہ آج کے دن نسل در نسل اقتدار پر قابض اور سیاسی ایوانوں کو ذریعہ روزگار بنانے والوں کو نظام سے باہر پھینک دیاگیا۔ انہوںنے کہاکہ دو خاندانوں نے باری باری حصول اقتدار کا کھیل رچا کر عوام کا بدترین استحصال کیا۔