لاہور( این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ساری اپوزیشن پہلے ہی وزیر اعظم عمران خان فوبیا کا شکار تھی اورکامیاب دورہ امریکہ کے بعد ان کے مرض کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے ،اپوزیشن کے روپ میں مافیاز اور چوراکٹھے ہیں اور اسی وجہ سے آج تک اپوزیشن کی جانب سے سوائے اپنی کرپشن کو بچانے کا رونا رونے کے ملک و قوم کے مسائل کو زیر بحث نہیں لایا گیا ،وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے اور انشا اللہ کوئی پاکستان کی منزل کو کھوٹا نہیں کر سکتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں پارٹی رہنماﺅں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔
ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ماضی میں سینیٹ کے چیئرمین کے انتخاب میں سپورٹ کیا اورکامیابی پر مٹھائیاں کھلائی گئیں لیکن آج اسی چیئرمین کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر دی گئی ہے ،میرے ذاتی خیال میں اپوزیشن کو اس میں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دورہ امریکہ میں امریکی صدر سے ملاقات اور میڈیا کو انٹر ویوز میں مسئلہ کشمیر اور عافیہ صدیقی کے معاملے پر بات کی ہے اور یقینی طو رپر اس کے نتائج نکلیں گے ۔ عمران خان نے اپنے کامیاب دورے سے نام نہاد تجربہ کار حکمرانوں کو پچھاڑ کر رکھ دیا ہے اس لئے ان کا پریشان ہونا جائز ہے ۔ ساری اپوزیشن پہلے ہی وزیر اعظم عمران خان فوبیا کا شکار تھی اور امریکہ کے کامیاب دورے سے ان کے مرض کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قوم صرف حکومت ہی نہیں بلکہ اپوزیشن کے کردار پر بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہے ۔ اپوزیشن نے آج تک پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ملک و قوم کو درپیش مسائل پر کوئی گفتگو نہیں کی اور انہیں صرف اپنی کرپشن اور چوری بچانے کی فکر ہے ۔ احتساب مسلسل عمل کا نام ہے اور تحریک انصاف کی حکومت میں اس میں قطعاً کوئی تعطل یا رکاوٹ نہیں آئے گی اور جس نے بھی کرپشن کی ہے اسے اس کا حساب دینا ہوگا ۔