لاہور(آئی این پی ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیر اعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ نیازی حکومت اپوزیشن کی للکار سے خوفزدہ ہو گئی ہے، حکومت کا پروپیگنڈہ منطقی انجام تک پہنچے گا۔
ہفتہ کو سینٹرل جیل کوٹ لکھپت میں سابق وزیراعظم نواز شریف سے ان کے اہلخانہ نے ملاقات کی جس میں مسلم لیگ (ن)کے صدر شہبازشریف نے نواز شریف کو ملک کے چاروں صوبائی درالحکومتوں میں یوم سیاہ پر ہونے والے جلسوں پر بریفنگ دی۔ شہبازشریف نے سول لائن سمیت لاہور کے دیگر تھانوں میں ان سمیت دیگر لیگی رہنماوں و کارکنوں پر درج ہونے والے مقدمات سے بھی نوازشریف کو آگاہ کیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق اس موقع پر نوازشریف نے شہبازشریف کو چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب کروانے کے لئے سرگرم رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ نیازی حکومت اپوزیشن کی للکار سے خوفزدہ ہو گئی ہے، جلد ان کا پروپیگنڈہ منطقی انجام تک پہنچے گا۔پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے نوازشریف کا طبی معائنہ بھی کیا اور ڈاکٹر عدنان نے ایک بار پھر نواز شریف کو اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی جب کہ شریف خاندان نے نوازشریف کے ساتھ پرہیزی کھانا بھی کھایا۔