عرفان صدیقی

عرفان صدیقی کی گرفتاری کے پورے معاملے کی چھا ن بین کرکے پس پردہ محرکات کو سامنے لایا جائے،امیر العظیم

لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے عرفان صدیقی کی گرفتاری ، ان کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کرنے اور اڈیالہ جیل بھجوائے جانے کے معاملہ کا جائزہ لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ شرفاء کی پگڑیاں اچھالنے والوں کو سمجھ جانا چاہیے کہ وہ اللہ کے غضب کو دعوت دے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ ادوار میں ہر شاخ پہ الو بیٹھا ہوتا تھا ، اب ہر شاخ پر بے شرم اور مدہوش الو بیٹھے قانون اور احتساب کا مذاق اڑا رہے ہیں ۔ اس طرح کے الل ٹپ حکومتی اقدامات سے احتساب کے عمل کو نقصان پہنچ رہاہے اور اصل مجرموں کو بچ نکلنے کا موقع مل رہاہے۔ انہوں نے کہاکہ 78 سالہ استاد جس نے اپنی ساری عمر تعلیم و تعلم میں گزاری ہے ، کی تذلیل حکمرانوں کو بہت مہنگی پڑے گی ۔عرفان صدیقی کی بلاجواز گرفتاری سے نہ صرف قلم کی حرمت بری طرح متاثر ہوئی ہے ،بلکہ آزادی صحافت پر ایسا کاری وار کیا گیاہے کہ اس کاداغ حکمرانوں سے مٹائے نہیں مٹ پائے گا ۔