لاہور(این این آئی )گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو احتجاج کی مکمل آزادی دیدی ہے کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائیگی ،چیئر مین سینٹ کے خلاف تحر یک عدم اعتماد اپوزیشن کا جمہوری حق ہے ہم چیئر مین سینٹ کو بچانے کیلئے کسی قسم کی ہارس سٹیڈ نگ نہیں کر رہے،ضمیر کے مطابق دیا جانیوالا سینیٹرز کا ووٹ صادق سنجرانی کے حق میں ہی آئیگا ،پاک افغان بارڈر پر دہشت گردی امن پر حملہ ہے ۔دہشت گردوں کی پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کی کوشش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ہم سب افواج پاکستان کیساتھ کھڑے ہیں ،عوام کو صحت جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے وفاقی اور پنجاب حکومت کا صحت کارڈ پروگرام غر یبوں کیلئے تحفہ ہے۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت ملک کو مسائل سے نجات دلانے کیلئے عارضی نہیں مستقل بنیادوں پر حل کر نے کیلئے پالیساں بنا رہی ہے ۔ہیپاٹائٹس جیسی مہلک بیماریاں گندہ پانی پینے کی وجہ سے پھیل رہی ہیں اس لیے 5سالوں کے دوران آب پاک اتھارٹی کے ذریعے پورے پنجاب میں پینے کا صاف پانی فراہم کر نے کا وعدہ پورا کر یں گے۔ وہ اتوار کے روز مقامی ہوٹل میں ”فالج جان لیوا مرض، بحالی اور علاج ممکن ہے ”کے موضوع پر سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے جبکہ اس موقعہ پرڈاکٹر شہزاد انور اوڈاکٹر وقاص اشرف سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بالکل واضح کر دیا ہے کہ اپوزیشن جہاں بھی جلسہ جلوس اور ریلیاں کریں گی انکو مکمل آزادی ہوگی اس میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں افواج پاکستان اور عوام نے جتنی قر بانیں دیں ہیں دنیا میں اس کی کوئی اور مثال نہیں ملتی اور جب بھی خطے میں امن کی کوشش آگے بڑ ھنے لگتی ہیں تو دہشت گرد ی جیسے واقعات کے ذریعے امن کے خلاف سازشیں شروع کر دی جاتی ہے مگر ہم نے پہلے بھی دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنایا ہے اور اب بھی انکو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے دینے والے شہداء افواج پاکستان کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ تقر یب سے خطاب کے دوران گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ میرے نزدیک زندگی کا حسن، نصب العین اور مقصد خدمت خلق میں پوشیدہ ہے ہماری حکومت کے منشور کا بنیادی نکتہ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی سے لے کر بنیادی ضروریات کی دستیابی تک اپنی تمام تر کوششوں کو بروئے کار لانا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ فالج ایک ایسا مرض ہے اگر اس کا بروقت علاج نہ کروایا جائے تو مریض کی جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت اس مرض کے تدارک کے لیے آپ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت صحت کے حوالے سے کافی مسائل ہیں، بیماریاں اس لئے بھی بڑھ رہی ہیں ملک میں صاف پانی کی قلت ہے جس کی وجہ سے لوگ پیٹ کے امراض میں خاص طور پر بچے مبتلا ہورہے ہیں۔گورنر نے کہا کہ آج دنیا کے تمام کاروبار چاہے سیاست، معیشت، تعلیم ہے اس کا دارومدار بھی صحت پر ہے، جس قوم میں صحت مند افراد ہو ں گے اس کی معیشت بھی اچھی ہوگی، شرح خواندگی بھی بہتر ہو گی اور اس کی انڈسٹری بھی اچھی ہو گی ۔ اُنہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرہ ہی صحت مند بچوں کو جنم دیتا ہے جس ملک کے ہسپتال مریضوں سے خالی ہوں گے اس قوم کے افراد صحت مند اور خوشحال ہوں گے۔