آلودہ کرنے

سیاست کو کرپشن سے آلودہ کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں، ماضی کاسیاہ دور قصہ پارینہ بن چکا ہے‘عثمان بزدار

لاہور(این این آئی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سیاست کو کرپشن سے آلودہ کرنے والوں کا کوئی مستقبل نہیں۔ ماضی کاسیاہ دور قصہ پارینہ بن چکا ہے۔ سابق حکمران آج وہی کاٹ رہے ہیں جو انہوں نے اپنے دور میں بویا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نئے پاکستا ن میں کرپٹ عناصر کی کوئی گنجائش نہیں۔باشعور عوام نے ملک کو کرپشن کرکے کنگال کرنے والوں کی سیاست کو کنگال کر دیا ہے۔مسترد شدہ سیاست دانوں کو ذہن نشین کر لینا چاہیئے کہ پاکستان بدل چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے سابق ادوار میں ملک کو بے دردی سے لوٹا گیا۔ ذاتی تجوریاں بھری گئیں اور عوام کے مسائل کو یکسر نظر انداز کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے پہلی بار ملک کے طاقتور طبقے پر ہاتھ ڈالا ہے اور بڑے بڑے مافیا کو نکیل ڈالی گئی ہے۔ لوٹ مار کرنے والوں کو اپنے کئے کا جواب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کامیابیوں کی جانب گامزن ہے۔