اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے مقبوضہ کشمیر کی بھارتی ظلم اور حالیہ کشیدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماﺅں کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں خطے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان نے بھارتی اقدامات اور مقبوضہ کشمیر کے مسئلے پر بھی بات چیت کی۔
خیال رہے کہ دو روز قبل بھارت نے صدارتی حکم نامے کے ذریعے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 کو ختم کر دیا تھا۔گزشتہ روز بھارتی لوک سبھا نے بھی آرٹیکل 370 ختم کرنے کی منظوری دیدی تھی۔ پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے واقعے کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے گذشتہ روز پارلیمنٹ کے مشترکہ ا جلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ لڑے گا، سربراہان مملکت سے بات چیت کی جائے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں معاملہ اٹھایا جائے گا، عالمی عدالت انصاف میں بھی کیس لے کر جائیں گے۔