اسلام آباد(لاہور نامہ) شہر اقتدار میں متنازع بینرز لگانے کے مبینہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، سوشل میڈیا پر تصویریں آنے کے بعد پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے متنازع بینرز بھی ہٹا دیے، ان بینرز پر بھارتی رکن اسمبلی کا پاکستان مخالف بیان تحریر تھا۔
شہر اقتدار میں لگنے والے بینرز کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس نے بلو ایریا سے ملزمان کو گرفتار کیا تھا، جن کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ وہ بینرز آویزاں کرنے کے ذمہ دار ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ گرفتار کیے جانے والے ملزمان نے بینرز بنائے تھے اور انہیں گوجرانوالہ کے ایک رہائشی شخص کی جانب سے بینرز کی اشاعت کے لیے کہا گیا تھا۔
وفاقی دارالحکومت کے مختلف علاقوں سے ہٹائے جانے والے بینرز پر بھارت کی راجیا سبھا کے اجلاس کی ایک تصویر موجود تھی جس کے نیچے بھارتی رکن اسمبلی سنجے روت کا اسمبلی میں دیا گیا پاکستان مخالف بیان انگریزی میں تحریر تھا اور بینرز پر آویزاں تصویر میں بھی وہ نظر آرہے تھے۔ رکن اسمبلی سنجے روت نے پاکستان مخالف بیان دیتے ہوئے ”اکھنڈ بھارت” کا مطالبہ دہرایا تھا۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی بینرز کی ویڈیوز اور تصاویر سے یہ واضح نہیں ہوسکا کہ اس کے ذریعے کیا پیغام دینے کی کوشش کی گئی تھی کیونکہ بینرز پر ایک ”لوگو” بھی موجود تھا جس میں ”اکھنڈ بھارت ریل ٹیرر” کے الفاظ واضح طور پر موجود تھے، یعنی اکھنڈ بھارت اصل دہشتگردی ہے۔
اکھنڈ بھارت کی اصطلاح ایک ایسی ریاست کے قیام کے لیے استعمال کی جاتی ہے، جس میں افغانستان، پاکستان، بھارت، نیپال، میانمار، تبت، بھوٹان اور بنگلہ دیش ایک ہی حکومت کے زیر انتظام ہوں۔