اسلا م آباد،کراچی/لاہور(صباح نیوز) پا کستان کا 73 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے اور یوم یکجہتی کشمیرکے طور پر منایا گیا، تاکہ مقبوضہ جموں اور کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے جن کی خصوصی حیثیت کو رواں ماہ کے آغاز میں ایک صدارتی حکم نامے کے ذریعے بھارتی حکومت نے ختم کردیا تھا۔
حکومت پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے یوم آزادی کے موقع پر خصوصی لوگو جاری کیا جس میں کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ درج ہے۔دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعاوں سے ہوا جبکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی بھارتی غلامی سے نجات کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی گئیں۔
جس کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں، کوئٹہ، کراچی، لاہور اور پشاور سمیت گلگت اور مظفر آباد میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
اس مو قع پر پاک فوج کے جوانوں نے پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔پرچم کشائی کی مرکزی تقریب کنونشن سینٹر اسلام آبادمیں ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر مملک عارف علوی تھے جب کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات سمیت غیر ملکی سفیر اور دیگر اعلی سول و عسکری قیادت بھی موجود تھے.
صدر عارف علوی نے کنونشن سینٹر میں قومی پرچم لہرایا اور اس موقع پر قومی ترانہ بھی پڑھا گیا جبکہ شہداءکو خرا ج عقیدت ادا کرنے کے لئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ زیر حراست حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کشمیر کے حوالے سے اپنی خوبصورت نظم پڑھ کر سنائی ، جبکہ تقریب میںملی نغمے پیش کئے گئے.
بعد ازاں کراچی میں مزار قائد اور لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات منعقد ہوئیں۔ نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے، اس تقریب کے مہمان خصوصی کموڈور عرفان تاج تھے۔مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالنے والا اعزازی گارڈز کا دستہ پاکستان نیول اکیڈمی کے 48 بہترین کیڈٹس پر مشتمل ہے۔
لیفٹیننٹ کمانڈر محمد فیضان نے مزار قائد پر پریڈ کمانڈر کے فرائض انجام دیئے۔ پاک بحریہ کے کموڈورعرفا ن تاج نے گارڈآف آنرکامعائنہ کیااوربابائے قوم کوسلامی دی۔مہمان خصوصی نے مزارپرپھول چڑھائے ،فاتحہ پڑھی اورمہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبندکئے،علاوہ ازیں لاہور میں مزار اقبال پر پاک فوج کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھالے جہاں جنرل آفیسر کمانڈنگ لاہور محمد یوسف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
دونوں مقامات پر مہمانوں نے پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ملک بھر میں یوم آزادی اور یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے خصوصی تقریبات اورسیمینارز کا انعقاد کیا گیا جس میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح سمیت دیگر اہم شخصیات کی جدوجہد آزادی کیلئے انتھک کوششوں پر روشنی ڈالی گئی۔