ننکانہ صاحب (صباح نیوز) ملک بھر کی طرح بھارتی یوم آزادی کو ننکانہ صاحب میں یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا. سکھ کیمونٹی سمیت دیگر اقلیتوں نے بھی یوم سیاہ منایا اور گورودوارہ جنم استھان کے مین گیٹ پر بلیک ڈے کے فلیکس آویزاں کئے، ریلی ڈی سی او آفس سے شروع ہوئی اور تحصیل موڑ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی.
ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر راجہ منصورا حمد اور رکن صوبائی اسمبلی میاں عاطف نے کی، ریلی میں گورودوارہ جنم استھان کے گرنتھی سردار دیا سنگھ ، ممبر ضلعی امن کمیٹی کامران رضا قادری، سکھ ، مسیحی، ہندو کیمونٹی ، محکمہ تعلیم و صحت، محکمہ مال، بلدیہ ننکانہ صاحب کے افسران و ملازمین اورسول سوسائٹی کے علاوہ ہر طبقہ فکر کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، ریلی میں خواتین کی بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی.
شرکاءریلی نے کشمیر بنے کاپاکستان ، مودی کا جو یار ہے ، غدرا ہے، غدار ہے اور مودی مردہ باد کے نعرے لگا تے رہے، شرکاءریلی نے مودی کی تصویر کی خوب چھترول کی ، شرکاءریلی نے پاکستانی و کشمیری پرچم ،سیاہ جھنڈے، بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف سلوگن درج تھے.
رکن صوبائی اسمبلی میاں محمد عاطف نے کہا کہ مودی سن لو بھارتی فوج اور بھارتی غنڈے کشمیریوں پر جو ظلم کر رہے ہیں اسکا حساب دینا پڑے گا کشمیر ہمارا ہے اور ہم کشمیر لے کر رہیں گے اس کے لیے پوری قوم ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں.
انہوں نے کہا کہ ہم ہر محازپر کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد نے کہا کہ کشمیری مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کے خلاف ننکانہ صاحب کی عوام پرزور احتجاج کر رہی ہے اور انشاءاللہ کشمیر عوام کی آزادی کا سورج بہت جلد طلوع ہوگا.
گورودوارہ جنم استھان کے گرنتھی سردار دیا سنگھ نے کہا کہ بھارتی فوج مودی کے حکم پر نہتے کشمیریوں پر جو ظلم کر رہی ہے سکھ قوم اس کی پر زور مذمت کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ بھارتی فوج فوری طورپر کشمیر سے باہر نکل جائے اور بے گناہ کشمیریوں کا آزادی دے جو انکا بنیادی حق ہے ریلی کے اختتام پر کشمیری بھائیوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔